
جموں, 26 دسمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت نے ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر اسکیم (آر ڈی ایس ایس) کے تحت پری پیڈ اسمارٹ بجلی میٹروں کی تنصیب کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس سلسلے میں تمام سرکاری محکموں، اداروں، مقامی بلدیاتی اداروں اور سرکاری رہائشی کالونیوں کو مقررہ مدت کے اندر اس منصوبے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی کی تقسیم سے وابستہ اداروں کی مالی حالت کو مضبوط بنانا اور عوام کو چوبیس گھنٹے قابلِ اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پری پیڈ اسمارٹ میٹروں کی تنصیب سے بجلی کے استعمال میں شفافیت بڑھے گی، نقصانات میں کمی آئے گی اور بجلی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔اِدھر اسمارٹ میٹروں کی تنصیب سے پہلے ہی عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوامی ناراضگی کا سامنا کر رہی ہے ۔این سی نے انتخابی منشور میں دو سو یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان کیا تھا ،تاہم اکثریت حاصل کرنے کے بعد حکومت نے پہلے اسمارٹ میٹروں کی تنصیب کا عمل شروع کیا ہے ۔جس سے عوام میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر