
مدھیہ پردیش میں سردی کا اثر تیز، شمالی اضلاع میں گھنا کوہرا چھایا، پچمڑھی 3.6 ڈگری کے ساتھ سب سے ٹھنڈا
۔ شدید سردی کے ساتھ نئے سال کی شروعات ہوگی
بھوپال، 26 دسمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں ٹھنڈ نے اپنا اثر تیز کر دیا ہے۔ ریاست کے شمالی حصے میں گھنے کوہرے اور درجہ حرارت میں گراوٹ سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ گوالیار، ریوا، ساگر اور جبل پور ڈویژن کے کئی اضلاع میں آج جمعہ کی صبح بھی کوہرے کی موٹی چادر چھائی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 دسمبر سے مغربی ہمالیائی خطے میں نیا ویسٹرن ڈسٹربنس فعال ہو رہا ہے، جس کا اثر آئندہ دو سے تین دنوں میں مدھیہ پردیش میں دکھائی دے گا۔ اس سے نئے سال کی شروعات شدید سردی کے ساتھ ہونے کا امکان ہے۔
ریاست میں گزشتہ دو دنوں سے کم از کم درجہ حرارت مسلسل 4 ڈگری سیلسیس سے نیچے برقرار ہے۔ ریاست کے واحد ہل اسٹیشن پچمڑھی میں درجہ حرارت 0.2 ڈگری کی گراوٹ کے ساتھ 3.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو ریاست میں سب سے کم رہا۔ وہیں کھجوراہو، نوگاوں، منڈلا، ریوا، ستنا، بھوپال، دتیا، گنا، گوالیار، اندور، رتلام، اجین اور دموہ میں گھنا کوہرا چھایا رہا۔ کوہرے کے سبب دہلی سے بھوپال، اجین اور اندور آنے والی کئی ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔
ڈنڈوری میں جمعہ کی صبح کم از کم درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ شدید سردی سے لوگ گھروں میں سمٹ گئے ہیں اور صبح کی سیر پر نکلنے والوں کی تعداد کم ہو گئی ہے۔ کئی مقامات پر الاو جلائے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کی وارننگ دی ہے، جس سے فصلوں پر پالے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
کھرگون ضلع میں بادل چھٹنے کے بعد ٹھنڈ اور بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ دو دنوں میں درجہ حرارت تقریباً ڈیڑھ ڈگری گر کر 9 ڈگری کے آس پاس پہنچ گیا۔ نرمدا پٹی سے متصل کسراود علاقے سمیت بھیل گاوں، بال سمود اور پانوا کھل بزرگ میں صبح ہلکا کوہرا دیکھا گیا۔ گوالیار اور مرینا میں سرد ہواوں کے سبب ٹھٹھرن بڑھ گئی ہے۔ مرینا میں رات کا درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ ٹھنڈ سے بچاو کے لیے لوگ صبح و شام الاو کا سہارا لے رہے ہیں۔
رائسین میں گزشتہ ایک ہفتے سے کڑاکے کی ٹھنڈ کا دور جاری ہے۔ حالانکہ گزشتہ دو دنوں میں رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ جمعہ کی رات کم از کم درجہ حرارت 8 ڈگری رہا۔ چھندواڑہ ضلع میں شہری اور دیہی علاقوں کے درجہ حرارت میں تقریباً دو ڈگری کا فرق درج کیا گیا۔ شہر میں کم از کم درجہ حرارت 9 ڈگری جبکہ دیہی علاقوں میں 7 ڈگری سیلسیس رہا۔
وہیں، مئوگنج ضلع میں مسلسل پڑ رہی کڑاکے کی ٹھنڈ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے نرسری سے جماعت آٹھویں تک کے سبھی سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اسکولوں کے اوقات تبدیل کر دیے ہیں۔ اب اسکول صبح 10 بجے سے پہلے نہیں لگیں گے۔ یہاں جمعرات کو کم از کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 21.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ آنے والے دنوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، لیکن گھنے کوہرے کا دور جاری رہ سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن