شوہر نے بیوی کو زندہ جلا کر مار ڈالا، 24 گھنٹوں میں ملزم گرفتار
حیدرآباد، 26 دسمبر (ہ س)۔ گھریلو تشدد کے ایک ہولناک واقعے میں حیدرآباد پولیس نے نلاکنٹہ علاقے میں اپنی بیوی کو زندہ جلانے کے الزام میں ایک شخص کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ یہ دردناک واقعہ نلاکنٹہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا،جس سے شہر
شوہر نے بیوی کو زندہ جلا کر مار ڈالا، 24 گھنٹوں میں ملزم گرفتار


حیدرآباد، 26 دسمبر (ہ س)۔ گھریلو تشدد کے ایک ہولناک واقعے میں حیدرآباد پولیس نے نلاکنٹہ علاقے میں اپنی بیوی کو زندہ جلانے کے الزام میں ایک شخص کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ یہ دردناک واقعہ نلاکنٹہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا،جس سے شہر بھر میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 23 دسمبر کی رات دیر گئے پیش آیا۔ ملزم ونکٹیش نے مبینہ طور پر اپنی بیوی تریوینی پر اُس وقت پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی جب وہ گہری نیند میں تھی۔تریوینی کو شدید جھلسنے کی حالت میں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ 90 فیصد سے زائد جل چکی تھی۔ علاج کے دوران اس کی حالت بگڑتی گئی اور وہ جانبرنہ ہو سکی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ قتل پہلے سے منصوبہ بند تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ونکٹیش نے واردات سے قبل پیٹرول پمپ سے ایندھن خریدا تھا۔ ملزم کو اپنی بیوی کے کردار پر طویل عرصے سے شبہ تھا اور وہ معمولی باتوں پر بھی اس سے جھگڑا کرتا رہتا تھا، حتیٰ کہ دفتر سے ساتھیوں کے موٹر سائیکل پر چھوڑنے پر بھی اسے شک ہوتا تھا۔واردات کے بعد ملزم اپنے دونوں بچوں، ایک بیٹے اور ایک بیٹی، کو ساتھ لے کر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر کارروائی کی اورآخرکار ملزم کو امین پور سے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ونکٹیش کا تعلق حضور نگر (ضلع سوریہ پیٹ) سے ہے۔اس نے تقریباً دس سال قبل تریوینی سے بین ذات شادی کی تھی۔ دونوں نلاکنٹہ میں رہائش پذیر تھے اور ان کے درمیان آئے دن گھریلو تنازعات ہوتے رہتے تھے۔ حیدرآباد پولیس نے تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کو عدالت میں پیش کیاجائے گا۔یہ واقعہ ایک بار پھر حیدرآباد میں خواتین کے تحفظ، گھریلو تشدد اور شک پر مبنی جرائم جیسے سنگین مسائل کو اجاگر کرتا ہے، جس پر فوری اور سخت توجہ کی ضرورت ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande