
حیدرآباد، 26 دسمبر (ہ س)۔ طویل تعطیلات کے دوران اپنے آبائی علاقوں کارخ کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد کے باعث عبداللہ پورمیٹ کے قریب حیدرآباد–وجئے واڑہ قومی شاہراہ پر شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آئی۔ سڑک پر گاڑیاں آہستہ آہستہ رینگتی نظرآئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ٹریفک پولیس کے مطابق حیدرآباد آؤٹر رنگ روڈ (ORR) سے وجئے واڑہ ہائی وے کی جانب جانے والی گاڑیوں کی رفتار انتہائی سست رہی۔ تعطیلات کے سبب اچانک ٹریفک میں اضافہ اور جاری سڑک توسیعی کاموں نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔علاقے میں سڑک کی چوڑائی کے کام جاری ہیں، جس کے باعث کئی مقامات پر بوتل نیک (Bottle neck) پیدا ہوگیا ہے۔ ٹول لائن کم ہونے کی وجہ سے لمبی قطاریں لگ گئیں اور بسوں، کاروں اور دیگر گاڑیوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔مقامی حکام کے مطابق ٹریفک جام کی اہم وجوہات میں تعطیلات کے باعث سفر میں اضافہ، سڑک کی مرمت و توسیع،اور نجی گاڑیوں کی بڑی تعداد شامل ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں اور ممکن ہو تو متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ٹریفک پولیس کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ تعطیلات کے اختتام تک عبداللہ پورمیٹ اور حیدرآباد–وجئے واڑہ شاہراہ پر بھیڑ برقرار رہ سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق