
اے ایم یو کے سابق طالب علم رائل ایشیاٹک سوسائٹی کے فیلو منتخب
علی گڑھ, 26 دسمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل مسٹر امان عالم کو برطانیہ اور آئرلینڈ کی رائل ایشیاٹک سوسائٹی کا فیلو منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ادارہ دنیا کے قدیم اور نہایت مؤقر علمی اداروں میں شمار ہوتا ہے، جس کا قیام 1823ء میں ہوا تھا۔ رائل ایشیاٹک سوسائٹی میں ماضی میں رابندر ناتھ ٹیگور، راجہ رام موہن رائے، سر سید احمد خاں، وائسرائے لارڈ نارتھ بروک اور لارڈ ولنگڈن، سرمیلکم ہیلی، سر ڈبلیو ڈبلیو ہنٹر، سر رچرڈ برٹن اور معروف مؤرخ ولیم ڈیلرمپل جیسی ممتاز شخصیات شامل رہی ہیں، جو اس فیلوشپ کے وقار اور اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
پچیس سالہ مسٹر امان عالم سپریم کورٹ آف انڈیا میں وکیل ہیں اور اس وقت انگلینڈ میں بیرسٹر کا کورس کر رہے ہیں۔ اتر پردیش کے ضلع بدایوں سے تعلق رکھنے والے مسٹر عالم نے 2022 میں اے ایم یو سے بی اے ایل ایل بی (آنرز) مکمل کیا، جس کے بعد انھوں نے سپریم کورٹ کے ایک جج کے ریسرچ ایسوسی ایٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہیں سپریم کورٹ میں سب سے کم عمر کے اسٹینڈنگ کاؤنسل اور امیکس کیوری ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ ان کے پردادا مولوی محمد حضور عالم اے ایم یو کے سابق طالب علم اور اے ایم یو رائیڈنگ کلب کے سابق کپتان رہے ہیں اور وہ 1923ء میں اسی سوسائٹی کے فیلو منتخب ہوئے تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ