
واشنگٹن،21دسمبر(ہ س)۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشیر اور دائیں بازو کے قدامت پسندوں کے نمایاں رہنما سٹیو بینن نے سیاسی تجزیہ نگار بین شاپیریو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان پر ٹرمپ دشمنی اور امریکی مفادات پر ” اسرائیل فرسٹ “ ایجنڈے کو ترجیح دینے کا الزام لگایا ہے۔ سٹیو بینن نے ایک کانفرنس کے دوران کہا کہ شاپیریو سچائی برداشت نہیں کر سکتے اور وہ ٹرمپ کی ” میک امریکہ گریٹ اگین “ یا ” ایم اے جی اے “ تحریک سے کوسوں دور ہیں۔ انہوں نے شاپیریو اور دیگر قدامت پسند میڈیا شخصیات پر الزام لگایا کہ وہ اسرائیلی پالیسیوں کو امریکی قومی مفادات پر فوقیت دیتے ہیں۔
سٹیو بینن نے ” گریٹر اسرائیل “ کے تصور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ ” گریٹر اسرائیل “ کے منصوبے کی حمایت نہیں کرتے۔ گریٹر اسرائیل کیا ہے؟ یہ صرف اسرائیل نہیں بلکہ ایک توسیعی اور سامراجی اسرائیل ہے جیسا کہ نیتن یاہو اور ان کے گرد و نواح کے لوگ تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ” اسرائیل فرسٹ “ کا گروہ امریکہ کو مشرق وسطیٰ کے نئے تنازعات میں گھسیٹنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا جب اسرائیلی یہ محسوس کریں کہ انہیں کارروائی کرنی ہے تو میں اس کی 100 فیصد حمایت کرتا ہوں۔ اسرائیل کو خود مختار اور آزاد ہونا چاہیے، اگر وہ شام یا لبنان میں داخل ہونا چاہتے ہیں تو ہو جائیں، لیکن امریکہ کو ختم نہ ہونے والی جنگ میں گھسیٹے بغیر ایسا کیا جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan