
ممبئی ، 21 دسمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر میں میونسپل کارپوریشنوں، میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے آج سامنے آنے والے نتائج پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے کہا ہے کہ ان نتائج نے پارٹی کی ترقیاتی اور ہمہ مذہبی ہم آہنگی پر مبنی سیاست کو عوامی توثیق فراہم کی ہے۔اجیت پوار کے مطابق عوام نے نعروں کے بجائے زمینی سطح پر کیے گئے کاموں کو ترجیح دی ہے۔ ریاست کی مجموعی ترقی، خاص طور پر دیہی اور نیم شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کے لیے کیے گئے فیصلے اور ان پر تیز رفتار عمل درآمد ووٹروں کو متاثر کرنے میں کامیاب رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مہایوتی اتحاد کی مشترکہ کامیابی ہے۔ جہاں اتحاد نے متحد ہو کر الیکشن لڑا، وہاں عوام نے اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ دوستانہ مقابلوں میں بھی جمہوری اقدار کا مکمل احترام کیا گیا۔ ان کے بقول آنے والے میونسپل کارپوریشن انتخابات میں بھی اتحاد اسی ہم آہنگی اور طاقت کے ساتھ آگے بڑھے گا۔اجیت پوار نے ریاست کے تمام کامیاب میئرز، بلدیاتی صدور اور منتخب نمائندوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے ترقی کے لیے جو فیصلے کیے اور منصوبوں پر جس رفتار سے عمل کیا، وہی آج کی کامیابی کی بنیاد ہے۔انہوں نے مرکزی حکومت کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے ریاستی ترقی کو مزید تقویت ملی ہے۔ ان کے مطابق بلدیاتی اداروں کے ذریعے شہروں کی ترقی، پانی کے مسائل کا حل، اور سڑکوں و صحت کی سہولتوں کو اولین ترجیح دینا آئندہ بھی حکومت کا بنیادی مقصد رہے گا۔آخر میں اجیت پوار نے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کو بنیاد بنا کر مہایوتی کو جو غیر معمولی کامیابی ملی ہے، اس پر وہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی جانب سے تمام عوام کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی شیو، شاہو، پھُلے اور امبیڈکر کے نظریات پر قائم رہتے ہوئے آنجہانی یشونت راؤ چوان کے شائستہ سیاسی ورثے کو آگے بڑھانے کا کام جاری رکھے گی۔ اس کامیابی کے بعد منتخب نمائندوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور انہیں پوری دیانت داری کے ساتھ عوامی خدمت کرنی ہوگی۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے