
فریدآباد، 17 دسمبر (ہ س)۔ سائبر پولس اسٹیشن بلبھ گڑھ نے 786 سیریز کے کرنسی نوٹ زیادہ قیمت پر خریدنے کا لالچ دے کر دھوکہ دہی کے معاملے میں مرکزی ملزم کو پنہانا سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز بتایا کہ فرید آباد کے سیہی کے رہائشی نے سائبر پولس اسٹیشن بلبھ گڑھ میں شکایت درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ جولائی میں وہ یوٹیوب ریل دیکھ رہا تھا جب اس نے 786 سیریز کے نوٹ خریدنے کا اشتہار دیکھا۔ شکایت کنندہ نے فراہم کردہ نمبر پر کال کی اور جعلسازوں کی ہدایت کے مطابق، نوٹوں کی تصویر لے کر انہیں بھیج دی۔ دھوکہ بازوں نے اسے بتایا کہ انہیں پانچ نوٹوں کے بدلے 34,21,000 روپے ملیں گے، لیکن اسے رجسٹریشن کے لیے 1550 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ اس کے بعد انہوں نے سرکاری فیس کے نام پر 12,499 روپے اضافی لئے۔ اس طرح کے وعدوں کا لالچ دے کر دھوکہ بازوں نے اس سے 1,20,548 روپے کا فراڈ کیا۔ شکایت کی بنیاد پر بلبھ گڑھ تھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سائبر پولس اسٹیشن بلبھ گڑھ کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم زبیر (33) ساکن ناہیدہ، پنہانہ گاؤں کو گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ملزم زبیر نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر اسپیشل سیریز کے نوٹ خریدنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اشتہار دیا تھا، جہاں ملزم نے اپنا موبائل نمبر لگایا تھا۔ شکایت کنندہ نے کال کی تو ملزم نے اسے نوٹوں کی زیادہ قیمت بتا کر دھوکہ دیا اور اس سے رقم بٹوری۔ ملزم کو بدھ کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے چار روزہ پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی