
۔پرینکا گاندھی، منیکم ٹیگور اور اکھلیش یادو نے سوالات پوچھے
نئی دہلی، 15 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت کے ذریعہ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو ختم کرکے ایک نیا دیہی روزگار قانون متعارف کرانے کی تیاریوں کی اپوزیشن نے سخت مخالفت کی ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، کانگریس ایم پی منیکم ٹیگور اور سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ حکومت غریبوں کے لیے ایک تاریخی اور اہم قانون کو ختم کرکے محض نام بدلنے اور کریڈٹ لینے کی سیاست کر رہی ہے، جو مہاتما گاندھی (بابو) کی توہین ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس طرح سے کسی اسکیم کا نام تبدیل کرنے سے اہم انتظامی اخراجات اٹھانا پڑتے ہیں۔ نام کی تبدیلی سے عوام کو کیا فوائد حاصل ہوں گے اور یہ کس کے لیے کیا جا رہا ہے؟ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اس اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام کیوں ہٹایا جا رہا ہے اور اس کے پیچھے حکومت کے کیا ارادے ہیں۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ منیکم ٹیگور نے کہا کہ منریگا مہاتماگاندھی کے نام پر بنی ایک تاریخی اسکیم ہے جسے 50 گھنٹے سے زیادہ کی بحث کے بعد پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا تھا۔ پچھلے 20 برسوں میں، یہ اسکیم ملک میں بڑی سماجی اور اقتصادی تبدیلی لائی ہے اور لاکھوں غریب خاندانوں کے لیے روزگار کی ضمانت دی ہے۔ اسے مہاتما گاندھی کی توہین قرار دیتے ہوئے ٹیگور نے کہا کہ ان کا نام اسکیم سے نہیں ہٹایا جانا چاہیے۔ حکومت مہاتما گاندھی کے نام سے نفرت کرتی ہے، اسی لیے یہ کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ ڈبل انجن والی حکومت دوسروں کے کام کو اپنا ہونے کا دعویٰ کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کرنے کو کوئی نیا کام نہیں ،اس لیے پرانی اسکیموں کا نام بدل کر پیش کیا جا رہا ہے۔ اگر حکومت معاشی ترقی کے بڑے بڑے دعوے کر رہی ہے تو نوکری کی گارنٹی صرف 100 دن سے بڑھا کر 125 دن ہی کیوں کی جا رہی ہے؟ حکومت کو کم از کم 200 دن کی ملازمت کی ضمانت دینی چاہیے تھیاور اگر ایسا ہوتا تو انہیں خوشی ہوتی۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت منریگا کو ختم کرنے اور ایک نیا دیہی روزگار قانون متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جسے موجودہ سرمائی اجلاس میں بحث کے لیے درج کیا گیا ہے۔ بل کی کاپی پیر کو لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ میں تقسیم کی گئی۔ مجوزہ قانون کا نام ' ’وکست بھارت - گارنٹی فار روزگار اینڈ لائیولی ہڈ مشن (دیہی) (وی بی-جی رام جی) بل، 2025' رکھا گیا ہے۔ نئے بل میں ' وکست بھارت 2047' کے قومی وژن کے مطابق دیہی ترقی کے لیے ایک نیا فریم ورک بنانے کی تجویز کی گئی ہے اور کام کے دنوں کی تعداد 100 سے بڑھا کر 125 کرنے کی تجویز ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد