
ڈھاکہ، 14 دسمبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش نے اقوام متحدہ امن مشن کے تحت سوڈان میں تعینات بنگلہ دیشی امن فوجیوں پر ہوئے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
سوڈان کے ابئی میں ہفتہ کو اقوام متحدہ کے بیس کیمپ پر ہوئے ڈرون حملے میں 6 بنگلہ دیشی امن فوجی مارے گئے اور 8 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش نے سرکاری بیان میں اپنے بہادر فوجیوں کی موت پر دکھ ظاہر کیا ہے۔
دی ڈیلی اسٹار اخبار کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا، ”بنگلہ دیش اپنے بہادر بیٹوں کی موت پر دکھ ظاہر کرتا ہے اور غمزدہ خاندانوں کے تئیں گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ ساتھ ہی حکومت اور بنگلہ دیش کے لوگوں نے زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کے لیے دعا کی ہے۔“
بیان میں حکومت نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں اپنے مستقل مشن کے ذریعے اقوام متحدہ سے زخمی امن فوجیوں کے لیے بہترین علاج یقینی بنانے کی درخواست کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ”نیویارک میں بنگلہ دیش مشن اقوام متحدہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور وہاں تعینات بنگلہ دیشی امن فوج کو سبھی ضروری مدد دینے کے لیے مل کر کام کر رہا ہے۔“
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن