
کٹنی، 9 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے کٹنی ضلع کے بلہری میں ہفتہ دیر رات ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ یہاں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر پہلے کھڑے آٹو سے ٹکرائی اور پھر سیدھی لکشمن ساگر تالاب میں جا گری۔ حادثے میں کار سوار بی جے پی لیڈر سمیت دو افراد موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ دو دیگر نوجوان کسی طرح تیر کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ سخت مشقت کے بعد کرین کی مدد سے کار کو تالاب سے باہر نکالا گیا۔ مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا، جبکہ ہلاک شدگان کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
معلومات کے مطابق حادثہ بِلہری میں ہفتہ کی رات تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا۔ بی جے پی یوا موچہ کے منڈل صدر پرشانت نایک (28) اپنے دوست وکاس تیواری (26)، ابھیشیک چورسیا (26) اور امن تامرکار (26) کے ساتھ کار سے کٹنی سے اپنے گھر بِلہری واپس جا رہے تھے۔ کار وکاس چلا رہا تھا۔ تیز رفتاری کی وجہ سے وکاس نے کار پر قابو کھو دیا۔ بے قابو کار پہلے سڑک کے کنارے کھڑے ایک آٹو رکشا سے ٹکرائی اور پھر لکشمن ساگر تالاب میں جا گری۔ پرشانت نایک اور وکاس تیواری کار سے باہر نہیں نکل سکے اور تالاب میں ڈوبنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ابھیشیک چورسیا اور امن تامرکار کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے اور تیر کر اپنی جان بچائی۔ انہوں نے فوراً واقعے کی اطلاع پولیس اور مقامی لوگوں کو دی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بِلہری چوکی انچارج سویش پانڈے اپنے عملے کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ اندھیرے میں ہی راحت اور بچاو کام شروع کیا گیا۔ پولیس نے مقامی لوگوں اور کرین کی مدد سے سخت مشقت کے بعد کار کو تالاب سے باہر نکالا۔ حادثے میں نوجوانوں کی اچانک موت سے پورے بِلہری گاوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ہلاک ہونے والے پرشانت اور وکاس دونوں ہی گاوں کے سماجی طور پر سرگرم اور خوش مزاج افراد کے طور پر جانے جاتے تھے۔ پرشانت نایک، بی جے پی کے یوا موچہ مَنڈل صدر تھے اور 5 سال سے سیاست میں سرگرم تھے۔ ان کے خاندان کا ٹینٹ کا کاروبار ہے۔ جبکہ وکاس تیواری، پونے میں ایک ملٹی نیشنل پرائیویٹ کمپنی میں منیجر کے عہدے پر کام کر رہے تھے۔ وکاس کے والد پرانے زمانے کے جاگیردار سمجھے جاتے ہیں۔اتوار کی صبح سے ہی اہلِ خانہ اور گاوں والوں کا رونا ماحول کو غمگین بنا رہا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں خیال کیا جا رہا ہے کہ تیز رفتاری اور رات کا اندھیرا حادثے کی بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔
چوکی انچارج سویش پانڈے نے بتایا کہ مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ کار کے اندر پھنسے پرشانت نایک اور وکاس تیواری مردہ پائے گئے۔ پولیس نے لاشوں کا پَنچنامہ کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ انتظامیہ نے ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن