
لکھنؤ، 9 نومبر (ہ س)۔ اتوار کو اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی مہم شروع کی گئی۔ اس مہم کے دوران پولیس نے کئی مندروں اور مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے۔
لکھنؤ کے جوائنٹ پولس کمشنر ببلو کمار نے اتوار کو بتایا کہ اس مہم کے ایک حصے کے طور پر وزیر گنج پولیس کی ٹیم گولا گنج کی مولسری مسجد پہنچی۔ امام سے بات کرنے کے بعد ان کی رضامندی سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے گئے۔ پولیس نے لاؤڈ اسپیکر کو ہٹانے میں بھی مدد کی کیونکہ وہ اونچائی پر نصب تھے۔ مسجد ملکہ زمانی سے بھی لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیا گیا۔ مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے جانے کے بعد پولیس نے بٹوک بھیرو مندر سے بھی ایک لائوڈاسپیکر ہٹا دیا۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے دونوں برادریوں کے تعاون سے مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیئے۔
جوائنٹ پولیس کمشنر ببلو کمار نے واضح کیا کہ یہ کارروائی کسی مذہب یا برادری سے متعلق نہیں ہے، بلکہ عدالتی احکامات کی تعمیل کو یقینی بنانے کا عمل ہے۔ یہ کارروائی خالصتاً انتظامی طور پر اور سب کی رضامندی سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذہبی مقامات پر مکالمے کو برقرار رکھیں اور امن و ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی