
کٹیہار، 09 نومبر (ہ س)۔
کانگریس پارٹی کی قومی عاملہ کے رکن اور کٹیہار کے رکن پارلیمنٹ طارق انور نے بہار کی موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 برسوں میں ریاست کی ترقی نہیں ہوئی، خاص طور پر قانون و نظم، بے روزگاری اور بدعنوانی کے معاملے میں۔اتوار کو کٹیہار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک بہار میں روزگار نہیں ملے گا، نقل مکانی رُکنے والی نہیں۔ بہار کا موازنہ دیگر ریاستوں سے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ریاستوں نے ترقی کی ہے، لیکن بہار اب بھی پیچھے ہے۔
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں پر سوال اُٹھاتے ہوئے طارق انور نے کہا کہ حکومتیں صرف جھوٹے وعدے کرتی ہیں اور بہار کے لیے کچھ نہیں کرتیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی باتوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک حکومتیں بہار کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کریں گی، تب تک ریاست کی حالت نہیں سنورے گی۔ بہار کے عوام کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومتوں کو سنجیدہ کوششیں کرنی ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن