
جموں, 9 نومبر (ہ س)۔ جموں کے نگروٹہ اسمبلی ضمنی انتخاب کے سلسلے میں بی جے پی کی امیدوار دیویانی رانا نے اپنی انتخابی مہم میں تیزی لاتے ہوئے حلقے کے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم اور متعدد اجتماعات سے خطاب کیا۔عوام سے بات چیت کے دوران دیویانی رانا نے کہا کہ ان کی مہم صرف ووٹ مانگنے تک محدود نہیں بلکہ عوام کے ساتھ اپنے تعلق کو مزید مضبوط بنانے، اُن کے مسائل و توقعات کو قریب سے سمجھنے اور خلوص نیت کے ساتھ خدمت کے عزم کو دوہرانے کا ایک موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون ہی ترقی کے تسلسل اور استحکام کی ضمانت ہے۔نگروٹہ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے اجتماعی کوشش ناگزیر ہے ۔انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہ 11 نومبر کو نگروٹہ، رانا صاحب کو ’سچّی شردھانجلی‘ پیش کرے گا۔
بی جے پی امیدوار نے کہا کہ پارٹی کی پالیسیوں کا بنیادی محور خواتین، نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کا بااختیار بنانا ہے۔ اُن کے مطابق بی جے پی وقار، موقع اور مساوی ترقی کی ضامن جماعت ہے، جو وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس کی حقیقی تعبیر ہے۔
دیویانی رانا نے کہا کہ 2019 کے بعد جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران جو نمایاں ترقی ہوئی ہے، وہ حکومت کی متوازن اور جامع حکمتِ عملی کی عکاسی کرتی ہے۔اپنے والد مرحوم دیویندر سنگھ رانا کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُن کا وژن ایک خود انحصار، خوشحال اور ترقی یافتہ نگروٹہ تھا، جس کی تکمیل کے لیے وہ انتھک محنت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے تھے، نعروں پر نہیں۔ میں اُن کے مشن کو عاجزی اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھاؤں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر