
جموں, 9 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو ضلع رام بن کے بانہال اور گول علاقوں میں ایک وسیع محاصرہ و تلاشی مہم چلائی، جس کا مقصد پاکستان میں سرگرم جموں و کشمیر کے باشندوں اور اوور گراؤنڈ ورکروں سے مبینہ روابط رکھنے والے مشتبہ افراد کی سرگرمیوں کا سراغ لگانا تھا۔
ذرائع کے مطابق، پولیس نے متعدد مقامات پر کارروائیاں انجام دیں اور ان گھروں کی تلاشی لی جو پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے رشتہ داروں یا قریبی معاونین سے منسلک بتائے جاتے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مشتبہ افراد کے سابقہ ریکارڈ کی جانچ، ان کے روابط کی تصدیق اور حساس علاقوں میں سیکورٹی کو مزید مستحکم بنانے کے پیشِ نظر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے دہشت گردی کے ممکنہ نیٹ ورک کو توڑنے اور امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر