
بلرام پور، 9 نومبر (ہ س)۔ بلرام پور ضلع کے دھننجے جیولرس سے 50 لاکھ روپے سے زیادہ کی چوری کے ملزم کی پولیس حراست میں مشتبہ حالات میں موت ہوگئی۔ متوفی کی شناخت بتولی تھانہ علاقہ کے بالکوٹا کے رہنے والے امیش سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ لواحقین کا الزام ہے کہ اس کی موت پولیس کی مار پیٹ کے نتیجے میں ہوئی، جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ امیش سنگھ پہلے ہی سیکل سیل کی بیماری میں مبتلا تھا۔
یہ واقعہ کوتوالی تھانہ علاقہ میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق امیش سنگھ کو جیولری اسٹور ڈکیتی کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ ہفتہ کی رات اچانک ان کی حالت خراب ہوگئی۔ انہیں اتوار کی صبح تقریباً 4:30 بجے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
اپنے دفاع میں بلرام پور سٹی کوتوالی کے انچارج بھوپیندر ساہو نے بتایا کہ امیش سنگھ کو صبح 4:20 پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور صبح 4:45 پر اس کی موت ہوگئی، پولیس کے مطابق متوفی طویل عرصے سے سیکل سیل کی بیماری میں مبتلا تھا اور اسے متعدد بار خون دیا گیا تھا۔
واقعہ سے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں میں غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ لواحقین کا دعویٰ ہے کہ نوجوان کی موت پولیس کی بربریت سے ہوئی۔ انہوں نے منصفانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس اسٹیشن میں ہونے والی اس موت سے محکمہ پولیس میں ہلچل مچ گئی ہے۔ کوتوالی تھانے کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس واقعہ نے پچھلے سال کے اس واقعہ کی یادیں تازہ کر دی ہیں جس میں بلرام پور کوتوالی پولیس اسٹیشن میں پولیس حراست میں رہتے ہوئے ایک نوجوان نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی تھی۔ اس وقت مشتعل لوگوں نے تھانے پر حملہ کر دیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ دھننجے جیولرس میں چوری کی واردات 30-31 اکتوبر کی درمیانی شب ہوئی تھی۔ چوروں نے دکان کا شٹر اُٹھا کر 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے زیورات اور نقدی چوری کر لی تھی۔ پولیس نے کیس میں آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ ان میں سے ایک امیش سنگھ کی موت ہو چکی ہے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کے بارے میں اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی