
حیدرآباد میں علامہ اقبالؒ کی 148 ویں یومِ پیدائش تقاریب کا انعقاد
حیدرآباد، 9 نومبر (ہ س)۔
شاعرِ مشرق، مفکرِاسلام اورعظیم فلسفی علامہ محمد اقبالؒ کی 148ویں یومِ پیدائش کے موقع پر تلنگانہ اسٹیٹ ڈاکٹربی۔ آر۔امبیڈکرسیکریٹریٹ کے قریب واقع اقبال مینار،خیریت آباد میں ایک باوقارتقریب منعقد کی گئی،جس میں ممتازسیاسی وسماجی رہنماؤں نے شرکت کرتے ہوئے علامہ اقبالؒ کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پرمنعقدہ تقریب کی صدارت تحریک مسلم شبان کے صدرمحمد مشتاق ملک نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ علامہ اقبالؒ فکری خودمختاری،عزتِ نفس اورقومی وقارکے علمبردارتھے جن کاپیغام آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔تقریب میں ایم پی جے کے صدرمحمد عبدالعزیزاورسابق رکنِ پارلیمنٹ سیدعزیزپاشاہ نے بھی شرکت کی۔
مقررین نے علامہ اقبالؒ کی شاعری،فلسفہ اورملتِ اسلامیہ کے لیے ان کی فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کے افکارنے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، اتحاد اور بیداری کی روح پھونکی۔ محمد مشتاق ملک نے کہاکہ علامہ اقبالؒ کا کلام آج بھی اتحادویگانگت اورحب الوطنی کے جذبات کوزندہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے سارے جہاں سے اچھا کوعزم و استقلال اورقومی غیرت کی علامت قراردیااورکہاکہ شکوہ اورجوابِ شکوہ اقبالؒ کی فکری گہرائی اورتہذیبی وقارکی بہترین مثالیں ہیں۔ تقریب کے دوران انجمن ہائی اسکول، مشیرباد کے طلبہ نے علامہ اقبالؒ کا مشہور ترانہ سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا، ہم بلبلیں ہیں اس کی، یہ گلستاں ہمارا پیش کیا، جس پر شرکاء نے زبردست داد دی۔واضح رہے کہ اقبال مینارکوعلامہ اقبالؒ کی یاد میں21اپریل 1988ء کواُس وقت کے وزیراعلیٰ این۔ ٹی۔ راماراؤ نے شاعرِمشرقؒ کی پچاسویں برسی کے موقع پرافتتاح کیاتھا۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق