اے آر ٹی او ادھمپور نے اورلوڈنگ کے معاملے میں گاڑی کا روٹ پرمٹ معطل کیا
جموں, 9 نومبر (ہ س)۔ ادھمپور کے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے اسکولی بچوں سے بھری ایک مسافر گاڑی میں خطرناک حد تک اوور لوڈنگ کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے گاڑی کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ تین ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق
اے آر ٹی او ادھمپور نے اورلوڈنگ کے معاملے میں گاڑی کا روٹ پرمٹ معطل کیا


جموں, 9 نومبر (ہ س)۔ ادھمپور کے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے اسکولی بچوں سے بھری ایک مسافر گاڑی میں خطرناک حد تک اوور لوڈنگ کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے گاڑی کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ تین ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جے کے 02بی پی 6727 والی ایک مسافر گاڑی کو اجازت شدہ نشستوں سے کہیں زیادہ کم عمر طلبہ کو لے جاتے ہوئے پایا گیا، جو نہ صرف پرمٹ کی شرائط کی خلاف ورزی تھی بلکہ بچوں کی جانوں کو بھی شدید خطرے میں ڈالنے کے مترادف تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ گاڑی میں درجنوں اسکولی بچے سوار تھے، جن میں بعض گاڑی کے پچھلے حصے سے لٹکے ہوئے جبکہ چند چھت پر بیٹھے ہوئے نظر آئے۔ بعد ازاں، واقعے کی تصدیق ایک پیٹرول پمپ کےسی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ہوئی جو گاڑی کے گزرنے کے راستے پر واقع ہے۔

آر ٹی او نے بتایا کہ اس طرح کی اوور لوڈنگ نہ صرف ٹریفک و پرمٹ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ بچوں کی سلامتی کے لیے بھی انتہائی خطرناک عمل ہے۔

اس ضمن میں گاڑی کا روٹ پرمٹ تین ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے، جب کہ موٹر وہیکل ایکٹ 1988 کی دفعہ 53 کے تحت گاڑی کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی فوری طور پر تین ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

گاڑی کے رجسٹرڈ مالک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نوٹس جاری ہونے کے تین دن کے اندر رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کو اے آر ٹی او دفتر ادھمپور میں جمع کرائے۔آر ٹی او نے واضح کیا کہ اسکولی بچوں کی اوور لوڈنگ انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ سزا عمل ہے جو قانون اور انسانی اخلاقیات دونوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اس نوعیت کے معاملات میں بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande