
وزیر اعظم مودی آج وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے پر پورے سال جاری رہنے والے جشن کا آغاز کریں گے
نئی دہلی، 07 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح نئی دہلی کے اندرا گاندھی انڈور اسٹیڈیم میں قومی گیت ’’وندے ماترم‘‘ کی 150ویں سالگرہ پر پورے سال جاری رہنے والے جشن کا آغاز کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ بھی جاری کریں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے مطابق، یہ پروگرام اس سال 7 نومبر سے اگلے سال 7 نومبر تک جاری رہنے والے قومی سطح کے جشن کی باضابطہ شروعات ہے، جو اس لازوال تخلیق کی 150ویں سالگرہ کی نمائندگی کرے گا، جس نے ہندوستان کی آزادی کی تحریک کو ترغیب دی اور آج بھی قومی یکجہتی اور فخر کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔
اس موقع پر پورے ملک میں صبح تقریباً 9.50 بجے عوامی مقامات پر وندے ماترم کے مکمل ایڈیشن کا اجتماعی طور پر گاین کیا جائے گا۔ اس میں معاشرے کے تمام طبقات کے لوگ شامل ہوں گے۔ قابل ذکر ہے کہ 1875 میں بنکم چندر چٹوپا دھیائے نے اکشے نوومی کے دن وندے ماترم کی تخلیق کی تھی، جو بعد میں ان کے ناول ’’آنندمٹھ‘‘ کا حصہ بنی۔ مادر وطن کی طاقت، خوشحالی اور شان کی علامت کے طور پر وقف، یہ نغمہ ہندوستان کے بیدار قومی شعور اور عزت نفس کی ابدی علامت بن گیا۔
وزیر اعظم مودی نے اس جشن سے قبل کی شام فخر کرتے ہوئے ایکس پر لکھا، ’’کل 7 نومبر کا دن ملک کے لوگوں کے لیے تاریخی ہونے والا ہے۔ ہم وندے ماترم کے 150 سالہ شاندار جشن کو منانے جا رہے ہیں۔ یہ وہ متاثر کن اپیل ہے، جس نے ملک کی کئی نسلوں کو حب الوطنی کے جذبے سے بھر دیا ہے۔ اس خاص موقع پر صبح تقریباً 9.30 بجے دہلی میں ایک تقریب میں شامل ہونے کا شرف حاصل ہوگا۔ یہاں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ بھی جاری کیا جائے گا۔ وندے ماترم کا اجتماعی نغمہ اس پروگرام کا مرکزی کشش ہوگا۔‘‘
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن