
۔ 1993 دھماکوں کے مفرور ٹائیگر میمن کی املاک کی نیلامی جلد
۔ سیفیما
نے آٹھ جائیدادیں ضبط کر لیں، قانونی کارروائی جاری
ممبئی ، 7 نومبر(ہ س)۔ مرکزی حکام نے اعلان کیا ہے کہ 1993 ممبئی سیریل دھماکوں کے کلیدی ملزم ٹائیگر
میمن کی جائیدادوں کی نیلامی جلد عمل میں لائی جائے گی۔ اسمگلرز اور غیر ملکی
زرِمبادلہ ہیرا پھیری (جائیدادوں کی ضبطی) سے متعلق ایکٹ اتھارٹی (سیفیما) نے میمن فیملی کی آٹھ
املاک پر قبضہ کر لیا ہے۔ ان میں ماہم کی الحسینی بلڈنگ کے تین فلیٹس بھی شامل ہیں،
جہاں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
اہلکاروں
نے تصدیق کی ہے کہ ضبط شدہ جائیدادوں کی مالیت کا تعین جاری ہے اور تمام قانونی
تقاضے پورے ہونے کے بعد نیلامی دسمبر یا جنوری تک متوقع ہے۔ 12 مارچ 1993 کو ممبئی
میں ہونے والے دھماکوں میں 257 افراد جان سے گئے تھے اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔
ٹائیگر میمن اس وقت سے مفرور ہے اور اس کے خلاف انٹرپول نے ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا
ہوا ہے۔
میمن
خاندان کے دیگر ارکان میں اس کا بھائی یعقوب میمن بھی شامل تھا، جو پیشے سے چارٹرڈ
اکاؤنٹنٹ تھا۔ اسے حملوں میں کردار ادا کرنے پر 2015 میں پھانسی دی گئی جبکہ اس کی
اہلیہ اور دیگر افراد کو ٹی اے ڈی اے عدالت نے مختلف سزائیں سنائیں۔ عدالت میں یہ
مقدمہ 16 برس تک چلتا رہا۔
استغاثہ
کے مطابق، سازش ماہم کے انہی فلیٹس میں رچی گئی تھی جنہیں حکام نے 34 سال قبل سیل
کیا تھا۔ انہیں اس سال اپریل میں کھولا گیا۔ ٹرائل کے دوران یعقوب میمن کو اپنے
دفاع میں استعمال ہونے والی چند دستاویزات لینے کے لیے اسی فلیٹ تک جانے کی اجازت
دی گئی تھی، جس کے بعد فلیٹ دوبارہ سیل کر دیا گیا۔
کل 17
جائیدادیں میمن خاندان سے منسلک بتائی گئی ہیں، جن میں سے آٹھ قبضے میں لی جا چکی
ہیں۔ چار مقدمات زیرِ التوا ہیں، جب کہ پانچ پر قبضے کا عمل جاری ہے۔ ان میں سب سے
قیمتی وکوولا کے کول کالج علاقے میں واقع 10 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلی اراضی
ہے، جس کی قیمت 400 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ سیفیما نے بیندرا کے فلیٹ،
کرلا کے کپاڈیہ نگر میں دو جائیدادیں اور جنوبی ممبئی کے منیش مارکیٹ میں چار دکانیں
بھی محفوظ بنا لی ہیں۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے