
وزیر اعلی اورریاستی وزیرکی گدھے پر تصاویر لگاکر گاؤ ں والوں کا احتجاج
حیدرآباد، 4 نومبر(ہ س)۔
ایک انوکھے احتجاج میں ضلع جنگاؤں کے چیتاکودوراورگنوگوپاڈوکے دیہاتیوں نے تلنگانہ کے وزیراعلی اے ریونت ریڈی اورسڑکوں اورعمارتوں کے وزیرکومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے پوسٹروں کے ساتھ ایک جلوس نکالااوراپنے گاؤں کوجوڑنے والے طویل عرصے سے زیرالتواء پلوں کی فوری تعمیرکامطالبہ کیا۔سوشل میڈیاپرشیئرکی گئی ایک ویڈیومیں مظاہرین کولیڈروں کی تصویرگدھے پررکھ کرجانورکی پریڈ کرتے ہوئے دکھایاگیا ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچی اورمشتعل مظاہرین کوروک دیا۔ان کاکہناتھاکہ پچھلے دوسالوں میں وزراء اورعہدیداروں سے بارباردرخواستوں کے باوجودچیتا کودوراورگنوگوپاڈو پرپلوں کی تعمیرشروع نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ اس سے قبل بنائے گئے عارضی پل بارباربارش سے بہہ گئے اورگاڑیاں تباہ شدہ پل میں گرنے سے کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں۔
دیہاتیوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طورپرایک مستقل پل کی تعمیرکے لیے اقدامات کرے اوردونوں دیہات کے درمیان محفوظ رابطہ کو یقینی بنائے۔ قبل ازیں،چیتاکودورکے ایک نوجوان نے ضلع کلکٹرکے دفترکے سامنے شرشاسانہ(ہیڈاسٹینڈ) کیا،اورحکام سے اس مسئلہ کوحل کرنے کی التجا کی۔ گاؤں والوں نے بعد میں ایڈیشنل کلکٹرپنکیش کمارکو ایک عرضی پیش کی، جس میں سڑک اور پل کے کاموں پر فوری کارروائی کی اپیل کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق