
ترواننت پورم، 4 نومبر (ہ س)۔ نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ وکست بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے تحقیق اور اختراع کو عوامی فلاح و بہبود سے جوڑنا ہوگا۔ انہوں نے سائنسدانوں اور محققین پر زور دیا کہ وہ اپنی تحقیق کے ثمرات کو معاشرے کے پسماندہ طبقوں تک پہنچائیں جس سے حقیقی ترقی ہو سکے۔
نائب صدر جمہوریہ نے منگل کو ترواننت پورم میں چترا ترونال انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی) کا دورہ کیا۔ انہوں نے اچیوت مینن سینٹر فار ہیلتھ سائنسز اسٹڈیز (اے ایم سی ایچ ایس ایس) میں انسٹی ٹیوٹ کے فیکلٹی ممبران اور اسٹارٹ اپ کمپنیوں کے تیار کردہ طبی آلات کی نمائش کا افتتاح کیا۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی ملک میں میڈیکل سائنس اور ٹیکنالوجی کے انضمام کی ایک بہترین مثال ہے۔
انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے دل کے والوز، خون کے تھیلے اور تپ دق کے تیز ٹیسٹ جیسے سودیشی ایجادات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان ایجادات سے ہندوستان کی عالمی شناخت ہوئی ہے۔ انہوں نے پیٹنٹ ایپلی کیشنز، ڈیزائن رجسٹریشن اور کامیاب ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے انسٹی ٹیوٹ کے ریکارڈ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق اور اختراع آتم نربھر بھارت کی تعمیر کی بنیاد ہیں۔ اس تقریب میں کیرالہ کے گورنر راجندر وشوناتھ ارلیکر، مرکزی وزیر مملکت سریش گوپی، کیرالہ کے وزیر خزانہ کے این بال گوپال، ایس سی ٹی آئی ایم ایس ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سنجے بہاری اور دیگر موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد