
جموں, 4 نومبر (ہ س)۔ ضلع کشتواڑ میں منشیات کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے تحت پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے بدنامِ زمانہ منشیات فروش کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لے کر جموں کے کوٹ بھلوال جیل منتقل کر دیا۔
ایس ایس پی کشتواڑ نریش سنگھ نے بتایا کہ ملزم سلیم جاوید ولد جاوید احمد سکنہ زیور کشتواڑ منشیات کی سپلائی میں سرگرم کردار ادا کر رہا تھا اور متعدد بار اس کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ مسلسل نگرانی اور تحقیقات کے بعد اس کی غیر قانونی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے اس پر پی ایس اے لاگو کیا گیا تاکہ ضلع میں بڑھتی منشیات فروشی پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ کشتواڑ پولیس منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نوجوان نسل کو نشے کے زہر سے محفوظ رکھنے کے لیے قانونی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ آگاہی مہمات بھی مسلسل جاری ہیں، جنہیں تعلیمی اداروں اور حساس علاقوں میں منظم طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی خرید و فروخت یا استعمال سے متعلق کسی بھی اطلاع کو موبائل نمبر یا کشتواڑ پولیس کے آفیشل فیس بک اور ایکس (ٹویٹر) ہینڈلز کے ذریعے فراہم کریں۔ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ اطلاع دہندگان کی شناخت کو مکمل طور پر رازداری میں رکھا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر