
علی گرھ, 4 نومبر (ہ س)۔ جے این میڈیکل کالج کے شعبہ پلاسٹک سرجری کی جانب سے اے ایم یو گرلز اسکول میں ورلڈ برنز ویک کے موقع پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر جلنے سے متعلق چوٹوں اور طویل مدتی اثرات کو کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ طب میں علاج اور بحالی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم بروقت آگہی اور فوری اقدام ہی زندگی بچانے کے سب سے مؤثر ذرائع ہیں۔
ڈاکٹر محمد فہد خرم، چیئرمین، شعبہ پلاسٹک سرجری نے جلنے والے مریضوں میں جسمانی کارکردگی اور اعتماد کی بحالی میں پلاسٹک سرجری کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر عمران احمد، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور مہمان اعزازی نے پرنسپل محترم آمنہ ملک کو تہنیت پیش کی اور ڈاکٹر شفیق کے معلوماتی لیکچر کو سراہا۔ ڈاکٹر سربھی چاولہ نے آگ سے بچاؤ اور احتیاطی اقدامات پر گفتگو کی، جبکہ ڈاکٹر کرِتی شیکھر نے تیزاب سے ہونے والے جسمانی نقصانات سے متعلق آگہی پر بات کی اور متاثرین کے لیے قانونی اور حفاظتی پہلوؤں کی وضاحت کی۔ ڈاکٹر شفیق نے خواتین متاثرین کی نفسیاتی و جذباتی بحالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذہنی صحت کی بحالی جسمانی صحت جتنی ہی ضروری ہے۔
پرنسپل محترمہ آمنہ ملک نے مہمانوں کا استقبال کیا، اور ڈاکٹر آکانشا نے پروگرام کی نظامت کی۔ ڈاکٹر ایس سرفراز علی، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ پلاسٹک سرجری نے اظہارِ تشکر کیا۔ یہ پروگرام مسٹر محمد وسیم احمد (گیمز انچارج) کی نگرانی میں منعقد ہوا، جبکہ محترمہ ہما مختار اور محترمہ بشریٰ کرمانی(پرو-پراکٹرز) نے معاونت فراہم کی۔ طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور موضوع کی عملی اہمیت کو سراہا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ