
کولکاتہ، 24 نومبر (ہ س)۔
ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے بلاک سطح کے ایجنٹ ضمیرالاسلام مولا کو جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے سندیش کھالی میں مبینہ طور پر ایک بی ایل او کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار مولا کے راشن گھوٹالہ میں ملزم اور اس وقت جیل میں بند شاہجہان شیخ سے روابط ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ گرفتاری کل رات دیر گئے اس وقت عمل میں آئی جب بلاک ڈیولپمنٹ آفس نے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس میں الزام لگایا گیا کہ ضمیرالاسلام مولا نے بوتھ نمبر 3 کے بی ایل او دیپک مہتو کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔ الزام ہے کہ مولا نے دھمکی دی تھی کہ اگر اس کے 97 سالہ چچا کا نام ووٹر لسٹ سے نکالا گیا تو وہ بی ایل او کو قتل کر دے گا اور اس کے گھر اور املاک کو نذر آتش کر دے گا ۔
بی ایل او دیپک مہتو نے مولا کو سمجھایا تھا کہ ان کے چچا کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں نہیں ہے، اس لیے اسپیشل انٹینسیو ریویژن مشق کے قواعد کے مطابق ایک نیا ایس آئی آر فارم بھرنا ہوگا۔ مہتو کے مطابق یہ ایک طے شدہ عمل ہے اور وہ اسے تبدیل نہیں کر سکتے۔ اس کے باوجود ٹی ایم سی لیڈر نے انہیں فون پر دھمکی دی، جس کا آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ (ہندوستان نیوز وائرل آڈیو کی صداقت کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔)
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ