
عدالت کے حکم پر پولیس نے مفرور ملزم کے خلاف اعلانیہ پوسٹر چسپاں کیے
جموں، 18 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس کٹھوعہ نے ایس ایس پی کٹھوعہ موہیتا شرما کی نگرانی میں مفرور ملزم پردیپ سنگھ عرف امبڈکری کے خلاف عدالت کی جانب سے جاری اعلانیہ حکم پر باقاعدہ اور کامیاب عمل درآمد کیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ ایف آئی آر نمبر 486/2025 زیرِ دفعہ 299/بی این ایس پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں درج ہے اور وہ مسلسل قانون سے فرار تھا۔
سمن اور ناقابلِ ضمانت وارنٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر ایس ایم ایم کورٹ کٹھوعہ نے اعلانیہ حکم جاری کیا، جسے پولیس پوسٹ نگری کی ٹیم نے نافذ کیا۔
پولیس نے کارروائی کے دوران حکم نامے کی نقول ملزم کے گھر کے باہر، گاؤں کے مرکزی چوک اور کورٹ کمپلیکس کٹھوعہ کی عمارت پر چسپاں کیں۔ عمل درآمد مقامی سرپنچ، لمبردار، چوکیدار اور دیگر بااثر شہریوں کی موجودگی میں مکمل کیا گیا، جس سے کارروائی کی شفافیت اور قانونی تقاضوں کا مکمل خیال رکھا گیا۔ایس ایس پی کٹھوعہ موہیتا شرما نے اس موقع پر کہا کہ کٹھوعہ پولیس مفرور ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ اعلانیہ حکم پر فوری عمل درآمد اسی عزم کا مظہر ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مفرور ملزمان کی گرفتاری میں تعاون کریں اور کسی بھی معلومات کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر