
جموں, 17 نومبر (ہ س)۔ فوجی کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے اُدھمپور ضلع میں انسدادِ دہشت گردی گرڈ کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران و جوانوں پر زور دیا کہ وہ اندرونی علاقوں میں ابھرنے والے نئے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ہمہ وقت چوکس اور فعال رہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل شرما نے بسنت گڑھ اور رامپور کے اُن علاقوں کا معائنہ کیا جہاں گزشتہ برسوں کے دوران متعدد دہشت گردانہ واقعات پیش آ چکے ہیں۔ شمالی کمان کے مطابق، دورے کے دوران انہوں نے انسدادِ دہشت گردی اقدامات، تعینات فورسز کے انتظامات اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمانڈر نے موقع پر تعینات اہلکاروں سے بھی بات چیت کی، ان کے پیشہ ورانہ جذبے، ذمہ داری نبھانے کے عزم اور جموں و کشمیر کو دہشت گردی سے پاک رکھنے کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
اس سے ایک روز قبل، لیفٹیننٹ جنرل شرما نے ضلع راجوری کے نوشہرہ اور بمبر گلی سیکٹرز کا دورہ کرکے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔ فوج کے مطابق کمانڈر کو ایل او سی پر نگرانی کے مضبوط نظام، ہدف پر درست حملے کی صلاحیت، اور مستقبل کے دفاعی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
فوج نے بتایا کہ کمانڈر نے اہلکاروں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنے فرائض اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھنے کی تاکید کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر