
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب ہندوستانی عازمین کو لے جانے والی بس کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ حادثے میں متعدد خواتین اور بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاض اور جدہ میں ہمارے سفارت خانے متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہے ہیں۔ جدہ میں بھارتی قونصلیٹ جنرل نے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔
جے شنکر نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا، مدینہ، سعودی عرب میں ہندوستانی شہریوں کے حادثے سے گہرا صدمہ۔ ریاض میں ہمارا سفارت خانہ اور جدہ میں قونصلیٹ جنرل اس حادثے سے متاثرہ ہندوستانی شہریوں اور ان کے خاندانوں کو مکمل مدد فراہم کر رہے ہیں۔
جدہ میں ہندوستانی قونصلیٹ جنرل نے سوگوار خاندانوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک اور ایکس پوسٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر مدینہ کے قریب ہندوستانی عمرہ زائرین پر مشتمل بس حادثے کے پیش نظر جدہ میں ہندوستانی قونصلیٹ جنرل میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ یہ کمرہ 24 گھنٹے کام کرے گا۔ کسی بھی معلومات کے لیے ٹول فری نمبر 8002440003 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی