
ریاض / نئی دہلی ، 17 نومبر (ہ س)۔ بھارتی عمرہ زائرین کو مکہ سے مدینہ لے جانے والی بس اتوار کی رات بھارتی وقت کے مطابق تقریباً ڈیڑھ بجے ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں کم از کم 42 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے، جن میں 11 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔ مقامی حکام نے ابھی تک تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق حادثہ مدینہ منورہ سے تقریباً 160 کلومیٹر دور پیش آیا۔ سعودی عرب کی امدادی ٹیموں نے تصدیق کی ہے کہ بس مکمل طور پر جل گئی ہے۔ کسی بھی مسافر کی شناخت کرنا مشکل ہے۔ ایک شخص کو شدید طور پرجھلسنے سے بچا لیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی سعودی سول ڈیفنس اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ بھارتی حکام اور عمرہ ایجنسی کے نمائندے متاثرین کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بھارتی شہر حیدرآباد میں زائرین کے رشتہ دار پریشان ہیں اور وہ ٹریول آپریٹرز اور حکام سے رابطہ کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین میں سے کچھ حیدرآباد سے ہو سکتے ہیں۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد