
سیوان،16نومبر(ہ س)۔ کہا جاتا ہے کہ کچھ لوگ اپنی وراثت کو آگے بڑھاتے ہیں۔ ایسا ہی رجحان بہار میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ جس طرح شہاب الدین کسی زمانے میں سیوان میں اپنے انداز کے لیے جانے جاتے تھے، اسی طرح ان کا بیٹا اسامہ بھی نظر آرہےہیں۔
سیوان کے سابق ایم پی محمد شہاب الدین کے بیٹے اسامہ شہاب نے پہلی بار الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کی۔ آر جے ڈی نے انہیں رگھوناتھ پور سے ٹکٹ دیا تھا، جس سے یہ ایک زبردست مقابلہ والی سیٹ بن گئی تھی۔
اسامہ شہاب اور جے ڈی یو کے وکاس کمار سنگھ کے درمیان سخت مقابلہ تھا۔ تاہم اسامہ شہاب بڑے فرق سے جیت گئے۔ جہاں اسامہ کو 88,278 ووٹ ملے، ان کے قریبی حریف وکاس کمار سنگھ کو 79,030 ووٹ ملے۔ اس طرح اسامہ نے 9,248 ووٹوں کے فرق سے رگھوناتھ پور سیٹ حاصل کی۔
اسامہ شہاب جیسے ہی اپنی رہائش گاہ پر پہنچے تو حامیوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ حامیوں کا ہجوم دیکھ کر اسامہ اپنے والد کے انداز میں سیدھا چھت پر چڑھ گئے۔ انہوں نے ہاتھ ہلا کر سلام قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ تھک چکے ہیں اور تھوڑا آرام کریں۔
جب اسامہ اپنے حامیوں کا سلام قبول کر رہے تھے تو نیچے سے ’’اسامہ شہاب زندہ باد‘‘ اور ’’شیر سنگھ زندہ باد‘‘ کے نعرے لگ رہے تھے۔ دراصل اکھلیش یادو نے انتخابی ریلی میں اسامہ کو ’’شیر سنگھ‘‘ کہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan