
چنڈی گڑھ، 16 نومبر (ہ س)۔ امرتسر کمشنریٹ پولیس نے 1.01 کلو گرام ہیروئن اور چھ جدید پستولوں کے ساتھ پانچ افراد کو گرفتار کرکے پاکستان سے منسلک ہتھیاروں اور منشیات کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے۔
پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے اتوار کو بتایا کہ امرتسر دیہی کے پنڈوری گاؤں کے رہنے والے آکاش مسیح اور پرنس، چوگن گاؤں کے رہنے والے کرنبیر سنگھ عرف کرن، ہیتم پورہ گاؤں کے رہنے والے سکھویندر سنگھ اور ترن تارن ضلع کے لاہیاں گاؤں کے رہنے والے گربھیج سنگھ عرف بیجا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے قبضے سے 30 بور کا 5 پستول اور ایک 9 ایم ایم گلوک پستول برآمد ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان پنجاب میں غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کی خریداری اور ترسیل کے لیے سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کے ذریعے پاکستان میں مقیم ہینڈلرز کے ساتھ رابطہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملزمان کا تعلق بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع دیہات سے ہے اور وہ اپنے ہینڈلرز کی ہدایت پر غیر قانونی کھیپ وصول کرتے تھے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ اس معاملے میں ملوث ہینڈلرز کی شناخت اور پورے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے، امرتسر کے پولیس کمشنر (سی پی) گرپریت سنگھ بھولر نے بتایا کہ چھیہرٹا کے قریب ایک منصوبہ بند ناکہ بندی کے دوران، پولیس ٹیموں نے آکاش مسیح اور پرنس کو گرفتار کیا اور ایک 30 بور کا پستول اور ایک گلوک 9ایم ایم پستول برآمد کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تفتیش کے دوران تکنیکی لیڈز پر کام کرتے ہوئے، پولیس ٹیموں نے کرنبیر سنگھ اور سکھوندر سنگھ کو تین .30 بور پستول اور 1 کلو 10 گرام ہیروئن کے ساتھ گرفتار کیا۔ ملزم کرنبیر سنگھ عرف کرن کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر، پولیس نے گربھیج سنگھ عرف بھیجا کو .30 بور پستول کے ساتھ گرفتار کیا۔ سی پی نے بتایا کہ گرفتار افراد، غیر قانونی ہتھیاروں کی کھیپ حاصل کرنے کے بعد، یہ کھیپ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کو فراہم کر رہے تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی