بڈگام کے نتائج اقربا پروری، بدعنوانی اور خاندانی سیاست کے خلاف دوٹوک پیغام ۔ سنیل شرما
بڈگام کے نتائج اقربا پروری، بدعنوانی اور خاندانی سیاست کے خلاف دوٹوک پیغام ۔ سنیل شرما جموں، 15 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے کہا ہے کہ نگروٹہ اور بڈگام کے ضمنی انتخابات کے نتائج عوام کی جانب سے اقربا
Sunil sharma


بڈگام کے نتائج اقربا پروری، بدعنوانی اور خاندانی سیاست کے خلاف دوٹوک پیغام ۔ سنیل شرما

جموں، 15 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے کہا ہے کہ نگروٹہ اور بڈگام کے ضمنی انتخابات کے نتائج عوام کی جانب سے اقربا پروری، بدعنوانی اور خاندانی سیاست‘ کے خلاف دوٹوک پیغام ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ نگروٹہ میں بی جے پی امیدوار دیویانی رانا کی جیت ’یقینی‘ تھی، کیونکہ عوام نے مرحوم دیویندر سنگھ رانا کے وژن اور خدمات کے اعتراف میں اُن کی بیٹی پر بھرپور اعتماد کیا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ پہلے ہی فیصلہ کر چکے تھے کہ وہ دیویانی رانا کو منتخب کریں گے۔ حیران کن بات صرف یہ ہے کہ پہلی بار سیاست میں قدم رکھنے والی ایک نوجوان لیڈر کو اتنے بڑے فرق سے کامیابی ملی۔ حریف جماعتوں کی جانب سے پیسے اور اثر و رسوخ کے استعمال کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ ایسے بیانات دراصل عوامی مینڈیٹ پر عدم اعتماد کا ثبوت ہیں۔

بڈگام کے نتائج کو انہوں نے عبداللہ خاندان کی تاریخی شکست قرار دیا۔ شرما نے کہا کہ عمر عبداللہ اور ان کے خاندان کے خلاف جس قدر عوامی ناراضگی اس بار دیکھنے کو ملی، اس کی مثال حالیہ برسوں میں نہیں ملتی۔ لوگ مسلسل بدعنوانی، اقربا پروری اور جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ پندرہ دن سے بڈگام میں نیشنل کانفرنس کی شکست کا اندازہ لگا رہے تھے، کیونکہ نوجوانوں، خواتین اور بزرگوں میں واضح بے اطمینانی پائی جاتی تھی۔

بی جے پی کی کارکردگی کے حوالے سے شرما نے کہا کہ پارٹی نے بڈگام میں مؤثر رسائی حاصل کی ہے۔ سال 2024 میں ہم نے یہاں انتخاب نہیں لڑا تھا، لیکن اس بار آغا محسن نے مضبوط مقابلہ پیش کیا اور بی جے پی کئی علاقائی جماعتوں سے آگے رہی۔ کشمیر میں بی جے پی کے مستقبل کے بارے میں شرما نے کہا کہ عوام اب پارٹی کو ایک سنجیدہ سیاسی متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ جس طرح لوگوں نے پی ڈی پی کو مسترد کیا اور اب عبداللہ خاندان کو مسترد کر رہے ہیں، اسی طرح ہمیں یقین ہے کہ آنے والے وقت میں بی جے پی کو بھی موقع دیا جائے گا۔

نیشنل کانفرنس کے اندرونی اختلافات اور نام نہاد ’آنٹی سرکار‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ بڈگام کا نتیجہ عوامی فیصلے کی واضح گونج ہے۔ اقربا پروری کے خلاف جدوجہد شروع ہو چکی ہے۔ پری پیڈ میٹر پالیسی اور ناقص طرزِ حکمرانی کو عوام نے ٹھکرا دیا ہے۔ یہی نتیجہ بھیانک یاد دہانی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande