
ایس ایس پی کٹھوعہ نے سرحدی علاقے کا دورہ کیا
جموں، 13 نومبر (ہ س)۔ ضلع کٹھوعہ میں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور سرحدی سلامتی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایس ایس پی کٹھوعہ موہیتا شرما نے ایس پی آپریشنز، ڈی ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران کے ہمراہ پولیس اسٹیشن راج باغ کے زیرِ نگرانی آؤٹ پوسٹ صفین کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی نے اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں سے تبادلۂ خیال کیا، کیمپ کے بنیادی ڈھانچے، اسلحہ و دیگر ساز و سامان کا تفصیلی معائنہ کیا اور فورس کی موجودہ تیاریوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے دشوار گزار جغرافیائی حالات کے پیشِ نظر بار بار ماک ڈرلز، طویل فاصلے کی گشت اور کارڈن اینڈ سرچ آپریشنز کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے فورس کی عملی استعداد میں اضافہ ہوگا۔ ایس ایس پی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اوور گراؤنڈ ورکرز پر گہری نظر رکھیں، عوامی روابط کو مضبوط بنائیں اور موسم کے اثرات سے پیدا ہونے والی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی جاری رکھیں۔
ایس ایس پی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کٹھوعہ پولیس ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور سرحدی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پوری مستعدی سے کوشاں ہے اور کسی بھی ملک دشمن سرگرمی کے تئیں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر