این سی بی نے بین ریاستی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا
جموں, 13 نومبر (ہ س)۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) جموں زونل یونٹ نے ایک منظم کارروائی کے دوران بین ریاستی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے پوست (پاپی اسٹرا) کی بھاری مقدار برآمد کر لی اور ایک بڑے اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔ اس کارروا
Drug


جموں, 13 نومبر (ہ س)۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) جموں زونل یونٹ نے ایک منظم کارروائی کے دوران بین ریاستی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے پوست (پاپی اسٹرا) کی بھاری مقدار برآمد کر لی اور ایک بڑے اسمگلر کو گرفتار کیا ہے۔ اس کارروائی کو منشیات کے خلاف جاری قومی مہم میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

این سی بی کے مطابق،ایک مقدمہ کے سلسلے میں کی گئی کارروائی کے دوران لکھوندر سنگھ ولد امریک سنگھ سکنہ بھادس، کپورتھلہ (پنجاب) کو گرفتار کیا گیا۔ یہ گرفتاری این سی بی جموں، امرتسر اور کپورتھلہ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں عمل میں آئی۔

آپریشن کے دوران لکھوندر سنگھ کی گاڑی سے 12.878 کلو پوست برآمد کی گئی، جسے موقع پر ہی ضبط کر لیا گیا۔ گاڑی کو بھی قانونی کارروائی کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ اسی کیس کے تحت این سی بی نے 2 اکتوبر 2025 کو ایک ٹرک سے 221.970 کلو پوست برآمد کی تھی جو سیب کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی۔ اس موقع پر دو اسمگلر خورشید احمد میر اور مبشر احمد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ برآمد شدہ مقدار این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقررہ کمرشل مقدار سے چار گنا زیادہ تھی۔

مزید تحقیقات کے دوران مرکزی سپلائر عبدالحمید چوپان ولد عبدالغنی چوپان سکنہ مالپورہ، رانی پورہ، اچہ بل اننت ناگ کو گرفتار کیا گیا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ نیٹ ورک وادی کشمیر سے پنجاب اور دیگر ریاستوں میں پوست کی اسمگلنگ میں سرگرم تھا۔ خفیہ نگرانی کے دوران معلوم ہوا کہ لکھوندر سنگھ 10 نومبر کو اسی گاڑی میں کشمیر گیا تھا۔ مسلسل نگرانی کے بعد اسے آج کامیابی کے ساتھ گرفتار کیا گیا، جس کے نتیجے میں نئی برآمدگی عمل میں آئی۔

لکھوندر سنگھ ایک بدنام زمانہ منشیات اسمگلر ہے جس کے خلاف ماضی میں چھ مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ حالیہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 200/2025 تھانہ اُدھمپور میں درج ہے جس میں اسی گاڑی سے 30 کلو پوست برآمد ہوئی تھی۔ وہ اس کیس میں ضمانت پر تھا اور دوبارہ اسمگلنگ میں سرگرم پایا گیا۔

این سی بی کے مطابق تازہ کارروائی کے بعد پورا نیٹ ورک سپلائر، کیریئر اور ریسیور بے نقاب ہو چکا ہے۔ یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اسمگلر کشمیر سے دیگر ریاستوں تک منشیات کی ترسیل کے نئے طریقے اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان این سی بی نے کہا کہ ادارہ منشیات کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے نجات دلائی جا سکے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande