
بہار اسمبلی انتخابات : پٹنہ ضلع کے تمام 14 اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی کے اے این کالج احاطہ میں ہوگیپٹنہ، 13 نومبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے ووٹوں کی گنتی کو لیکر راجدھانی پٹنہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پٹنہ ضلع کے تمام 14 اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی 14 نومبرکو اے این کالج احاطہ میں کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ نے اس دوران سیکورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ اور ضلع الیکشن افسرنے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی طرف سے تجویز کردہ مثالی ضابطہ اخلاق 16 نومبر تک نافذ رہے گا۔ اس مدت کے دوران کسی بھی سیاسی سرگرمی یا خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس)، 2023 کی دفعہ 163 کے تحت گنتی کی تاریخ سے ضابطہ اخلاق کے اختتام تک امتناعی حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس حکم نامے کے تحت ضلع میں کسی بھی سیاسی جماعت، فرد یا تنظیم کی طرف سے کسی بھی قسم کے جلوس، جلسے، دھرنے، مظاہرے یا فتح کے جلسے پر مکمل پابندی ہوگی۔ لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ضلع الیکشن افسر نے واضح کیا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر مکمل عمل کریں۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع الیکشن افسر اور سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے تمام سب ڈویژنل افسران اور سب ڈویژنل پولیس افسران کو مستعد رہنے اور اپنے اپنے علاقوں میں مسلسل نگرانی اور گشت بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔گنتی کے مراکز اور اس کے اطراف میں تین درجے کی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈسٹرکٹ کنٹرول روم (0612-2219810/2219234) اور ایمرجنسی سروس ڈائل 112 کو 24 گھنٹے فعال رکھا گیا ہے۔ضلع انتظامیہ نے گنتی کے عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے اور متنبہ کیا ہے کہ بے ضابطگی یا اشتعال انگیزی کے کسی بھی واقعے کے نتیجے میں فوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan