ڈوڈہ میں انسدادِ دہشت گردی آپریشن جاری
جموں, 13 نومبر (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور امن و قانون کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے اپنی کارروائیاں چھٹے روز بھی جاری رکھیں۔ ضلع بھر میں اوور گراؤنڈ ورکروں ،سابق یا ہلاک دہشت گردوں کے ساتھیوں، ہمدردوں او
Security


جموں, 13 نومبر (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور امن و قانون کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے اپنی کارروائیاں چھٹے روز بھی جاری رکھیں۔ ضلع بھر میں اوور گراؤنڈ ورکروں ،سابق یا ہلاک دہشت گردوں کے ساتھیوں، ہمدردوں اور مشتبہ عناصر کے خلاف وسیع پیمانے پر سرچ آپریشنز انجام دیے گئے۔

یہ کارروائیاں سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈوڈہ سندیپ مہتا کی نگرانی میں انجام دی گئیں، جس دوران مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور اُن افراد کی تفصیلی جانچ کی گئی جو ماضی میں دہشت گرد سرگرمیوں سے منسلک رہے ہیں یا پولیس کی نگرانی میں ہیں۔

پولیس نے اس دوران سِم کارڈ فروخت کرنے والے وینڈرز کی بھی جامع تصدیق کی تاکہ کے وائی سی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی غیر ملکی یا ملک دشمن عنصر کو مواصلاتی نیٹ ورک کے غلط استعمال سے روکا جا سکے۔

کارروائی کے دوران متعدد افراد کو مشتبہ سرگرمیوں اور دہشت گردوں کی مبینہ مدد کے الزام میں احتیاطی دفعات کے تحت بُک کیا گیا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ جو بھی شخص فعال یا سابق دہشت گردوں کو پناہ، مدد یا لاجسٹک سہولت فراہم کرتا پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ مہم ڈوڈہ پولیس کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ضلع میں امن و استحکام کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے اور دہشت گردی کے کسی بھی نیٹ ورک کو دوبارہ فعال ہونے سے روکا جائے۔

ڈوڈہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام میں پولیس کا ساتھ دیں اور کسی بھی مشکوک حرکت یا شخص کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن نمبروں پر فراہم کریں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دہندہ کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande