مہو، 9 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور ضلع کے مہو میں بدھ کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اندور-کھلگھاٹ ہائی وے پر ناندیڑ پل کے قریب دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے ایک کار میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں چار افراد ہلاک ہوگئے جن میں سے دو زندہ جل گئے۔ تین دیگر افراد جھلس گئے، جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق یہ واقعہ رات 11 بجے کے قریب پیش آیا۔ اندور-کھلگھاٹ ہائی وے پر ناندیڑ پل پر بدھ کی رات اومنی وین دھامنود سے مان پور جا رہی تھی جبکہ ایک سوئفٹ ڈزائر کار مان پور سے دھامنود جا رہی تھی۔ سوئفٹ کار اچانک ڈیوائیڈر عبور کر کے سامنے سے آرہی اومنی وین سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے بعد اومنی وین میں آگ لگ گئی۔
کار میں سوار دو افراد زندہ جل گئے۔ سوئفٹ کار میں سوار دو دیگر افراد بھی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس حادثے میں کل تین افراد جھلس گئے۔ مرنے والوں میں مان پور کی 34 سالہ پلک بیٹی اشوک سنگھل اور کملیش ولد موہن گرجر شامل ہیں۔ وہیں سوئفٹ کار میں سفر کررہے رویندر ولد لکشمن ساکن دھامنود اور ایک دیگر شخص جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے کی موت ہوگئی۔ زخمیوں میں گولو ولد سکھ دیو (25 سال) ساکن دھامنود، چیتن ولد سریندر (20 سال) ساکن دھرم پوری اور سنجے ولد منگل سنگھ (22 سال) ساکن بگوانا شامل ہیں، سبھی مختلف علاقوں کے رہنے والے ہیں۔
واقعہ کے بعد گاوں والے سب سے پہلے جائے وقوعہ پر پہنچے۔ وہ گاڑی میں پھنسے نوجوانوں کو باہر نکالنے لگے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی پہنچی اور آگ پر قابو پالیا۔ گاوں والوں اور پولیس نے دیر رات تک متوفی نوجوان کو نکالنے کی کوشش جاری رکھی۔ زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا۔ آگ بجھانے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔ برگوندا تھانہ پولیس نے حادثہ کے سلسلے میں ایک کیس درج کرلیا ہے۔
برگوندا تھانہ انچارج پرکاش نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے دو افراد مان پور کے رہنے والے تھے۔ وہ اندور سے مان پور جا رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے اپنی کار کے پچھلے حصے میں پینٹ محفوظ کر رکھا تھا جس کی وجہ سے آگ لگی۔ آگ تیزی سے پھیل گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ چاروں مرنے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مہو لے جایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن