ترواننت پورم، 9 اکتوبر (ہ س)۔
کیرالہ کے سبری مالا واقع بھگوان ایپا مندر میں دوار پالک کی مورتیوں پر سونے کی ملمع سازی میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر لگا تار چوتھے دن جمعرات کو اسمبلی کی کارروائی معطل رہی۔ اسمبلی میں زبردست ہنگامہ آرائی کے درمیان کانگریس کے تین ارکان کو قواعد کی خلاف ورزی پر موجودہ اجلاس کے بقیہ وقت کے لیے معطل کر دیا گیا۔
کانگریس کے تین معطل ارکان میں روزی ایم جان، ایم ونسنٹ اور سنیش کمار جوزف شامل ہیں۔ کانگریس ریاست میں اپوزیشن اتحاد یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کا ایک بڑا حصہ ہے۔ گولڈ پلیٹنگ کے معاملے پر یو ڈی ایف کے ارکان کے ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان کی کارروائی آج کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اس کے بعد جب کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو اپوزیشن ارکان نے ایوان میں نعرے لگائے اور بینر لہرائے جس میں دیواسووم کے وزیر وی این واسوان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا۔ الزام ہے کہ یو ڈی ایف ارکان نے ایوان میں موجود سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا جس سے چیف مارشل زخمی ہو گئے۔ اپوزیشن کے ایم ایل اے پر وزیر اعلیٰ پنار ئی وجین کے ساتھ بدسلوکی کا بھی الزام ہے۔
اس کے بعد پارلیمانی امور کے وزیر ایم بی راجیش نے کانگریس کے تین ارکان کے رویے کے بارے میں ایوان میں تحریک پیش کی۔ تحریک میں کہا گیا کہ تینوں کانگریس ایم ایل اے کو قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر موجودہ سیشن کے بقیہ وقت کے لیے معطل کیا جانا چاہیے۔ ایوان نے کچھ دیر بعد یہ تحریک منظور کر لی۔
اس دوران اپوزیشن نے اسے سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے ایوان سے واک آو¿ٹ کیا۔ اپوزیشن لیڈر وی ڈی ساتھیسن نے کہا کہ وہ سبریمالا گھوٹالے پر حکومت سے جواب مانگ رہے تھے، لیکن اسپیکر نے حکمران بائیں بازو کے جمہوری محاذ (ایل ڈی ایف) کے کہنے پر کام کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ