مودی اور اسٹارمر کی ملاقات: سی ای ٹی اے سے تعلقات میں نئی رفتار
ہندوستان اور برطانیہ نے تجارت، تعلیم، دفاع اور ٹیکنالوجی میں نئے معاہدوں کا اعلان کیاممبئی، 9 اکتوبر (ہ س) وزیر اعظم نریندر مودی اور برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر کے درمیان جمعرات کو ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں دونوں ملکوں نے دوطرفہ تعلقات میں
INDIA-UK STRATEGIC TIES ENTER NEW PHASE


ہندوستان اور برطانیہ نے تجارت، تعلیم، دفاع اور ٹیکنالوجی میں نئے معاہدوں کا اعلان کیاممبئی، 9 اکتوبر (ہ س) وزیر اعظم نریندر مودی اور برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارمر کے درمیان جمعرات کو ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات میں دونوں ملکوں نے دوطرفہ تعلقات میں نئی توانائی بھرنے اور تعاون کے مختلف شعبوں کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے وفد کی سطح کی بات چیت کے بعد ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندوستان–برطانیہ جامع اقتصادی و تجارتی معاہدہ (سی ای ٹی اے) دوطرفہ شراکت داری کو عالمی ترقی اور استحکام کے ایک نئے دور میں لے جائے گا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اسٹارمر کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں اور جولائی میں تاریخی سی ای ٹی اے معاہدے کے بعد اقتصادی تعاون میں تیزی آئی ہے۔

مودی نے کہا کہ یہ معاہدہ تجارت کو فروغ دے گا، درآمدی اخراجات کم کرے گا اور نوجوانوں کے لیے نئے روزگار پیدا کرے گا، جس سے صنعتوں اور صارفین دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ سب سے بڑا تجارتی وفد ہندوستان آنا دونوں ملکوں کے باہمی اعتماد اور مضبوط عزم کی علامت ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور برطانیہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی جیسی مشترکہ اقدار پر مبنی قدرتی شراکت دار ہیں۔ “موجودہ عالمی غیر یقینی ماحول میں یہ بڑھتی ہوئی شراکت داری عالمی استحکام اور خوشحالی کی ایک مضبوط بنیاد ہے۔”

دونوں رہنماؤں نے ہند-بحرالکاہل، مغربی ایشیا اور یوکرین تنازعہ پر بھی گفتگو کی۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان امن اور مذاکرات کے راستے کی حمایت کرتا ہے اور میری ٹائم سیکورٹی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جھارکھنڈ کے آئی ایس ایم دھنباد میں انڈسٹری گلڈ اور سپلائی چین آبزرویٹری قائم کی جائے گی تاکہ اہم معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھایا جا سکے۔

تعلیم کے میدان میں مودی نے بتایا کہ برطانیہ کی نو یونیورسٹیاں ہندوستان میں اپنے کیمپس کھول رہی ہیں، جن میں ساوتھمپٹن یونیورسٹی کا گروگرام کیمپس بھی شامل ہے۔ دفاعی تعاون میں دونوں ملکوں نے فوجی تربیت کے نئے معاہدے پر اتفاق کیا، جس کے تحت بھارتی فضائیہ کے انسٹرکٹرز برطانوی رائل ایئر فورس میں تربیت دیں گے۔

پریس کانفرنس میں برطانوی وزیر اعظم اسٹارمر نے کہا کہ ممبئی میں ہونے والی یہ ملاقات شراکت داری کے نئے دور کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہندوستان کی ترقی کا سفر متاثر کن ہے اور وزیر اعظم مودی کے وژن نے اسے تیزی سے ترقی یافتہ ملک بننے کی راہ پر گامزن کیا ہے۔”

اسٹارمر نے کہا کہ دونوں ممالک نے مصنوعی ذہانت، جدید مواصلات اور دفاعی ٹیکنالوجی میں تعاون کے نئے امکانات پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہم اس بات پر بھی متفق ہیں کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی پر کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔” انہوں نے سی ای ٹی اے کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جو تجارتی رکاوٹوں کو کم کرے گا اور دونوں قوموں کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande