پٹنہ، 8 اکتوبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات2025 کا اعلان ہو چکا ہے، اور انتخابی ماحول گرم ہو رہا ہے۔ انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دہلی اور پٹنہ کے لیڈر سیٹوں کی تقسیم پر متحد ہو گئے ہیں۔ سرکردہ رہنما ہر جگہ میٹنگ اور مذاکرات میں مصروف ہیں۔ 10 اکتوبر کوپہلے مرحلہ کے پرچہ نامزدگی کی تاریخ ہے اور لیکن این ڈی اے اور عظیم اتحاد دونوں میں ہی سیٹوں کی تقسیم کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ اس کے باوجود تمام سیاسی جماعتیں اپنی جیت کا دعویٰ کر رہی ہیں۔
سیاسی جماعتوں کے اجلاس آج بھی جاری ہیں۔ جے ڈی یو، بی جے پی، آر جے ڈی اور ایل جے پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے دفاتر میںسرگرمی ہے۔ پارٹی دفتر میں میٹنگ کے بعد معاملہ حل نہ ہوا تو قائدین سے ان کی نجی رہائش گاہ پر ملاقات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اگر اتحاد کی بات کی جائے تو اتحاد کے اجلاسوں کے علاوہ خفیہ ملاقاتیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔ قائدین نشستیں حاصل کرنے اور اپنے حامیوں کو ٹکٹ دلانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ قومی جماعتوں میں بی جے پی اور کانگریس نے پٹنہ سے دہلی تک کئی میٹنگ کی ہیں۔ منگل کے روز بی جے پی نے دہلی میں چراغ پاسوان کی پارٹی ایل جے پی (رام ولاس) کے ساتھ میٹنگ کی۔ ایل جے پی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان سے بہار بی جے پی الیکشن انچارج دھرمیندر پردھان اور بہار انچارج ونے تاوڑے نے ملاقات کی، بی جے پی لیڈر منگل پانڈے بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ دو دن پہلے 5 اکتوبر کو دھرمیندر پردھان نے اتحاد میں شامل بڑی جماعتوں کے تین سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی تھی، جن میں مرکزی پنچایتی راج وزیر اور جے ڈی یو کے سابق صدر للن سنگھ، مرکزی کے وزیر اورہم پارٹی کے سرپرست جیتن رام مانجھی اور آر ایل ایم کے سربراہ اوپیندر کشواہا شامل تھے۔ میٹنگ کے دوران بہار کے انچارج ونے تاوڑے، نائب وزیر اعلی سمراٹ چودھری اور بی جے پی کے قومی وزیر ریتوراج سنہا موجود تھے۔
6 اکتوبر کو دھرمیندر پردھان نے جے ڈی یو کے قومی ایگزیکٹو صدر سنجے جھا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کیا گیا، لیکن انہوں نے نامہ نگاروں سے اس کا انکشاف نہیں کیا۔ اس کے علاوہ دھرمیندر پردھان اور وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی پٹنہ میں وزیر اعلیٰ اور جے ڈی یو سربراہ نتیش کمار سے ملاقات کی ہے۔
اتحاد کی اہم پارٹی جے ڈی یو کے تعلق سے گزشتہ تین دنوں سے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر میٹنگ جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار، پارٹی کے قومی صدر سنجے جھا، آبی وسائل کے وزیر وجے چودھری اور دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔ دریں اثنا ریاستی صدر امیش کشواہا کی صدارت میں جے ڈی یو دفتر میں علاقائی رہنماؤں کی میٹنگ جاری ہے۔
بہار اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں آج عظیم اتحاد کی میٹنگ ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ عظیم اتحاد کے اندر نشستوں کی تقسیم کے مذاکرات کا آخری دور جاری ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ تنوج پونیا نے بدھ کے روز کہا کہ تمام پارٹیوں کے درمیان تقریباً اتفاق رائے ہو گیا ہے، اور سیٹوں کی حتمی فہرست آج شام تک جاری کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ انتہائی پرامن اور خوش اسلوبی سے کیا گیا ہے۔ صرف ایک یا دو نشستوں پر بات چیت جاری ہے جسے جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan