لداخ , 9 اکتوبر (ہ س)۔ لیہہ ضلع کے تمام کالج بدھ کے روز دو ہفتوں کی بندش کے بعد دوبارہ کھل گئے۔ یہ ادارے 24 ستمبر کو پیش آئے پرتشدد واقعات کے بعد بند کیے گئے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یونین ٹیریٹری میں مکمل طور پر معمولاتِ زندگی بحال کرنے کے لیے باقی پابندیاں ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔
ذرائع نے بتایا کہ تمام کالج دوبارہ کھولے گئے، جو 24 ستمبر سے بند تھے، جب لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کی قیادت میں ریاستی درجہ اور چھٹیلے شیڈول کے تحفظات کے مطالبے پر ہونے والے احتجاج کے دوران تشدد بھڑک اٹھا تھا۔ اس واقعے میں چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
انتظامیہ نے حالات میں بہتری کے بعد 3 اکتوبر کو آٹھویں جماعت تک کے اسکول کھولنے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد بارہویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے بھی مرحلہ وار کھولے گئے۔ تاہم، موبائل انٹرنیٹ خدمات تاحال معطل ہیں، جو آئندہ چند روز میں بحال کیے جانے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق،بی این ایس ایس ایکٹ کی دفعہ 163 کے تحت پانچ یا زیادہ افراد کے جمع ہونے پر عائد پابندی فی الحال برقرار رہے گی۔
سیکورٹی جائزہ اجلاس کے دوران، افسران نے لیفٹیننٹ گورنر گپتا کو تعلیمی اداروں، بازاروں اور عوامی دفاتر کے مرحلہ وار کھلنے سمیت تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر گپتا نے حالات میں بتدریج بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لداخ کے عوام کے صبر، بالغ نظری اور امن برقرار رکھنے میں تعاون کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور بازاروں کا دوبارہ کھلنا عوام کے اعتماد اور انتظامیہ کے اقدامات پر اُن کے یقین کی علامت ہے۔
کویندر گپتا نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ حالات میں مزید بہتری کے پیشِ نظر باقی پابندیاں بھی بتدریج ہٹائی جائیں اور معمول کی سرگرمیوں کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ نرمی کے اس عمل کو مرحلہ وار اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے تاکہ عوامی سلامتی کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کی روانی بھی برقرار رہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے عوام خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ جاری رکھیں اور کسی بھی ایسے عناصر کے بہکاوے میں نہ آئیں جو امن یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لداخ کی ترقی امن و استحکام سے مشروط ہے، اور ہر شہری پر لازم ہے کہ وہ اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کے اقدار کو مضبوط کرے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ انتظامیہ عوامی بہبود کے لیے پرعزم ہے اور عوامی شکایات کے ازالے، مقامی نظم و نسق کو مستحکم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لداخ کو امن، پائیداری اور جامع ترقی کا مثالی خطہ بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر