نئی دہلی، 8 اکتوبر ( ہ س )۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام 9 اکتوبر2025 کو شام چار بجے وزیر اعظم میوزیم،تین مورتی مارگ، نئی دہلی میںویر ساورکر: دی مین ہو کڈ ہیو پریوینٹیڈ دی پارٹیشن کے اردو ترجمہ ’ویر ساورکر اور تقسیمِ ہند کا المیہ‘کی تقریبِ اجرا و مذاکرے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی وزیرقانون و انصاف (آزاد انہ چارج) و پارلیمانی امور ارجن رام میگھوال ہوں گے،جبکہ مہمانانِ اعزازی معروف صحافی ، سابق سینٹرل انفارمیشن کمشنر اور کتاب کے مصنف اودے ماہورکر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کے وائس چانسلر و مترجمِ کتاب پروفیسر مظہر آصف ہوں گے۔ اس پروگرام میں کتاب کے شریک مصنف و اسکالر چرایو پنڈت اور شریک مترجم ڈاکٹر مسعود عالم بھی اظہار خیال کریں گے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ویر ساورکر پر یہ اپنی نوعیت کی منفرد کتاب ہے جس میں ان کی زندگی اور شخصیت کے مختلف گوشوں کا حقیقت پسندانہ جائزہ لیتے ہوئے تحریکِ آزادی میں ان کے کردار ،قومی تعمیر و ترقی کے حوالے سے ان کے افکار و نظریات اورمسلمانوں سمیت ملک کے تمام سماجی طبقات کی قومی ترقیاتی مہم میں شمولیت کی ضرورت وغیرہ کا تاریخی شواہد و حقائق کی روشنی میں تجزیہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس میں ان غلط فہمیوں کو بھی سنجیدہ تحقیق و تفتیش کی روشنی میں دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے،جوآزادی کے بعد مختلف سیاسی اسباب کی بناپر ویر ساورکر کی شخصیت و افکار کے تعلق سے پھیلائی گئی ہیں۔اردو زبان میں ویرساورکر پر ایسے مواد کی شدید ضرورت تھی جس میں کسی بھی نظریاتی وابستگی سے اوپر اٹھ کر تاریخی حقائق کی روشنی میں ان کی زندگی ،جدوجہد اور افکار و نظریات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ہو،یہ کتاب اس ضرورت کو بخوبی پورا کرتی ہے۔اس کا اردو ترجمہ شائع کرکےقومی اردو کونسل نے تاریخی کام کیا ہے اور ویر ساور کرکے حوالے سے جاری اکیڈمک ڈسکورس کو ایک نئی جہت دینے کی کوشش کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد