اسٹاک ہوم، 8 اکتوبر (ہ س)۔ سال 2025 کے کیمسٹری کے نوبل انعام کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سویڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ امریکہ کے اردن
نژاد سائنسدان عمر بن مونس یاغی، جاپانی محقق سوسومو کیٹاگاوا اور آسٹریلیائی سائنسداں رچرڈ روبسن کو 2025 کا کیمسٹری کا نوبل انعام دیا جائے گا۔
یہ اعزاز انہیں میٹل آرگینک فریم ورکس کی ایجاد پر دیا گیا، جو دھاتوں اور نامیاتی اجزا کو ملا کر ایسی جال دار ساختیں بناتی ہیں جو پانی، گیسوں اور آلودگیوں کے ذخیرے اور صفائی میں سنگ میل حاصل کر چکی ہیں۔ اس تحقیق نے خشک علاقوں میں فضا سے پانی نکالنے، آلودہ پانی صاف کرنے، کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور ہائیڈروجن ذخیرہ کرنے جیسے شعبوں میں نئی راہیں کھولی ہیں، جس سے پائیدار توانائی اور ماحولیاتی ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
نوبل انعام عطا کرنے والی سویڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق یہ دریافت جدید سائنسی وصنعتی دنیا میں ایک سنگِ میل ثابت ہوئی ہے اور اس نے مادی کیمیا میں نئی جہت متعارف کرائی۔
سوسومو کیٹاگاوا جاپان کی کیوٹو یونیورسٹی سے، آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف میلبورن سے رابسن اور امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی سے عمر عمر بن مونس یاغی وابستہ ہیں۔
اکیڈمی کے مطابق ایوارڈز کی تقریب سٹاک ہوم میں 10 دسمبر کو انعامات کے بانی الفریڈ نوبل کی برسی کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔ انعام یافتگان کو 11 ملین سویڈش کرونر (تقریباً 10.3 کروڑ روپے)، ایک گولڈ میڈل، اور ایک سرٹیفکیٹ ملے گا۔ یہ رقم تینوں میں برابر تقسیم کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد