نئی دہلی، 8 اکتوبر (ہ س)۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) رائے پور کے ڈائریکٹر رام کمار کاکانی کے استعفیٰ کے بعد، کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے مرکزی حکومت پر سرکاری اداروں کی خود مختاری کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نہ صرف نئے مضبوط ادارے بنانے میں ناکام رہی ہے بلکہ پہلے سے منظم اور کام کرنے والے اداروں کی آزادی کو بھی محدود کر رہی ہے۔
کھیڑا نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا، مرکزی حکومت نے کوئی مضبوط ادارہ نہیں بنایا ہے۔ حکومت کی نااہلی اتنی گہری ہے کہ جو ادارے اسے ورثے میں کام کرنے کی حالت میں ملے تھے وہ بھی اب دباؤ کے تحت منہدم ہو رہے ہیں۔ آئی آئی ایم رائے پور کے ڈائریکٹر کے استعفیٰ کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ اس سے ملک کے باوقار تعلیمی اداروں کی انتظامی خود مختاری اور آپریشنل سالمیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔ کھیڑا نے دعویٰ کیا کہ 2021 کے بعد یہ تیسرا واقعہ ہے جب آئی آئی ایم کے کسی ڈائریکٹر نے اپنی مدت پوری کرنے سے پہلے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی آئی ایم کلکتہ کے دو ڈائریکٹرز نے بورڈ میں سیاسی مداخلت اور اس کی خودمختاری میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے پہلے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کھیڑا نے ان واقعات کو آئی آئی ایم ایکٹ کی روح کے خلاف قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ آئی آئی ایم رائے پور کے ڈائرکٹر رام کمار کاکانی نے 21 جولائی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔اس عہدے پر ان کی دو سال کی مدت باقی تھی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی