وزیر اعظم مودی آج نئی دہلی میں انڈیا موبائل کانگریس کے 9ویں ایڈیشن کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی، 8 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج صبح تقریباً 9.45 بجے دہلی کے مضافاتی علاقے دوارکا واقع یشو بھومی میں ایشیا کے سب سے بڑے ٹیلی کام، میڈیا اور ٹیکنالوجی ایونٹ ’’انڈیا موبائل کانگریس (آئی ایم سی) 2025‘‘ کے نویں ایڈیشن کا افتتاح کریں گے۔ اس چار روزہ کانگرس کا تھیم ’’انوویٹ ٹو ٹرانسفارم‘‘ ہے۔ محکمہ ٹیلی کمیونیکیشن (ڈی او ٹی) اور سیلولر آپریٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی او اے آئی) مشترکہ طور پر اس کا اہتمام کر رہے ہیں۔ یہ اطلاع وزیر اعظم کے پروگرام سے قبل کی شام ایک سرکاری ریلیز میں دی گئی۔
ریلیز کے مطابق یہ تقریب ڈیجیٹل تبدیلی اور سماجی ترقی کے لیے جدت طرازی کے لیے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کرے گی۔ آئی ایم سی 2025 ٹیلی کمیونیکیشنز اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تازہ ترین پیشرفت کو ظاہر کرے گا اور عالمی رہنماوں، پالیسی سازوں، صنعت کے ماہرین اور اختراع کاروں کو اکٹھا کرے گا۔یہ پروگرام آپٹیکل کمیونیکیشنز، ٹیلی کمیونیکیشنز میں سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم کمیونیکیشنز، 6 جی، اور فراڈ کے خطرے کے اشارے جیسے اہم موضوعات پر مرکوز ہوگا۔ یہ اگلی نسل کے رابطے، ڈیجیٹل خود مختاری، سائبر فراڈ کی روک تھام، اور عالمی ٹیکنالوجی کی قیادت میں ہندوستان کی اسٹریٹجک ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس تقریب میں 150 سے زیادہ ممالک سے 1.5 لاکھ سے زیادہ مندوبین، 7,000 سے زیادہ عالمی نمائندوں اور 400 سے زیادہ کمپنیوں کے حصہ لینے کی امید ہے۔ 5-جی / 6- جی، اے آئی، اسمارٹ موبلٹی، سائبر سیکورٹی، کوانٹم کمپیوٹنگ، اور گرین ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں 1,600 سے زیادہ نئے استعمال - معاملوں کو 100 سے زیادہ سیشنز اور کم از کم 800 مقررین کے توسط دکھائے جائیں گے۔ آئی ایم سی -2025 بین الاقوامی تعاون پر بھی زور دیتا ہے۔ اس میں جاپان، کینیڈا، برطانیہ، روس، آئرلینڈ اور آسٹریا کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن