سری گنگا نگر، 8 اکتوبر (ہ س)۔ ضلع کے جیتسر تھانہ علاقہ میں بدھ کی صبح ایک المناک سڑک حادثہ میں تین نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ سورت گڑھ-انوپ گڑھ اسٹیٹ ہائی وے-94 پر گاو¿ں پانچ جی بی پل کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ارٹیگا کار اپنے آگے چل رہے ایک ٹرک کے پیچھے جا ٹکرائی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے پرخچے اڑ گئے۔ پانچ نوجوان انوپ گڑھ سے سورت گڑھ جا رہے تھے۔ تیز رفتاری کے باعث کار ٹرک سے ٹکرا گئی اور اس کا اگلا حصہ مکمل طور پر بکھر گیا۔ حادثے میں تین نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ دو شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد لاشیں گاڑی میں اس قدر پھنس گئیں کہ پولیس اور ریسکیو ٹیم کو ٹیکسی کاٹ کر تینوں جاں بحق افراد کی لاشیں نکالنا پڑیں۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے سری گنگا نگر ضلع اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی گاو¿ں سے ہے۔مرنے والوں کی شناخت سریندر (24)، نریش (18) اور کالورام (18) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ سبھی گاو¿ں2 پی جی ایم بی، انوپ گڑھ کے رہنے والے تھے۔ اس حادثے میں سریندر سنگھ (18) اور جگدیش کمار شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جیتسر تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور دونوں گاڑیوں کو سڑک سے ہٹا کر شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا۔
پولیس نے بتایا کہ ٹرک انوپ گڑھ سے سورت گڑھ جا رہا تھا جب اسے پیچھے سے ایک تیز رفتار ٹیکسی نے ٹکر مار دی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی متوفیوں کے گاوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ایک ہی گاوں کے تین نوجوان اس حادثے کا شکار ہوئے، جس سے گاوں والوں میں گہرا غم اور غصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد