سرحدی ضلع راجوری میں دہشت گردوں اور فورسز کے مابین جھڑپ شروع
جموں، 8 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے بیرن تھب علاقے میں منگل کی شام دہشت گردوں اور جموں و کشمیر پولیس کی اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ پولیس اسٹیشن کنڈی کی حدود میں اُس وقت شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز نے مشتبہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر علاقے کو گھیر لیا۔
افسران نے بتایا کہ ایس او جی کے اہلکاروں کے ساتھ فوج اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیمیں بھی فوری طور پر کارروائی میں شامل ہو گئیں۔ فورسز نے علاقے کو سخت محاصرے میں لے کر دہشت گردوں کے فرار کے تمام ممکنہ راستے بند کر دیے اور سرچ آپریشن تیز کر دیا۔
پولیس کے مطابق علاقے میں تلاشی مہم جاری ہے اور سیکورٹی فورسز نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل مستعدی اختیار کر رکھی ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان نے کہا کہ بیرن تھب، پولیس اسٹیشن کنڈی، راجوری میں دہشت گردوں اور ایس او جی ٹیم کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور آپریشن جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر