کانپور،08 اکتوبر (ہ س )۔ دیوالی کی آمد آمد ہے اور بازاروں میں زبر دست بھیڑ ہے ۔پٹاخوں کی دکانیں بھی سج گئی ہیں۔ آج شام تقریباً ساڑھے سات بجے کانپور کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے اور مرکز میں واقع گنجان آباد علاقے مول گنج میں زور دار دھماکہ ہوا۔یہ دھماکہ دو اسکوٹروں میں ہوا۔ اس دھماکے میں 8افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مول گنج، جہاں دھماکہ ہوا، پٹاخوں کا ایک بڑا بازار ہے۔ دیوالی کے تہوار کے دوران، مول گنج بازار میں پٹاخوں کی بڑی تجارت ہوتی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے کانپور کے سرکاری اسپتال ارسلا بھیجا گیا ہے۔ دھماکے سے آس پاس کے علاقے کے کچھ مکانوں میں بھی دراریں آنے کی اطلاعات ہیں ۔ پولیس دستہ موقع پر موجود ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہے ۔پولیس ہر زاوے سے تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ دھماکہ کوئی حادثہ تھا یا کوئی سازش؟خیال رہے کہ عین دیوالی سے قبل اس دھماکے سے پولیس محکمہ میں ہلچل مچ گئی ہے ۔جوائنٹ پولیس کمشنر آشوتوش کمار نے بتایا کہ یہ مشری بازار کا علاقہ ہے جہاں چھوٹے چھوٹے کھلونوں کی دکانیں ہیں۔یہاں دو اسکوٹی کھڑی تھیں اور انہیں میں دھماکہ ہوا ہے ۔ہماری فارنسک ٹیم موقع پر موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ جو لوگ اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں وہ خطرے سے باہر ہیں۔اور ان کا علاج جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم جانچ کر رہے ہیں کہ دھماے کی وجہ کیا ہے ۔ہم نے اسکوٹی کا پتہ لگا لیا ہے اور جن لوگوں کی اسکوٹی ہے ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔یہ حادثہ ہے یا سازش یہ جانچ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا۔
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ