کولکاتا، 7 اکتوبر (ہ س)۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کی رات وزیر اعظم مودی کے اس بیان پر کڑی تنقید کی، جس میں انہوں نے جلپائی گوڑی ضلع کے ناگراکٹا میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کھگین مرمو اور ایم ایل اے شنکر گھوش پر حملے کے لیے ریاستی حکومت اور ترنمول کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
پیر کو آدھی رات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے ایک بیان میں، ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم نے بغیر کسی تحقیقات یا حقائق کا انتظار کیے شمالی بنگال میں قدرتی آفت کی سیاست کی۔ انہوں نے لکھا، یہ بدقسمتی اور گہری تشویش کی بات ہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نے مناسب تحقیقات سے پہلے قدرتی آفت پر سیاست کی۔
ممتا نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی قائدین نے مقامی انتظامیہ کو بتائے بغیر مرکزی فورسز کے ساتھ ایک بڑے قافلے کے ساتھ جائے حادثہ کا دورہ کیا جس سے راحت اور بچاؤ کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس اور ریاستی حکومت پر وزیر اعظم کے براہ راست الزام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کسی بھی قابل تصدیق ثبوت، قانونی تحقیقات، یا انتظامی رپورٹ کا انتظار کیے بغیر یہ الزامات لگائے۔ جمہوریت میں قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ صرف عدالتی عمل، کوئی سیاسی تبصرہ نہیں، الزام کا تعین کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد