۔نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے فیز 1 کا افتتاح اور میٹرو لائن 3 کو قوم کے نام وقف کریں گے
۔ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے، گلوبل فن ٹیک فیسٹ میں کلیدی خطبہ پیش کریں گے
نئی دہلی، 7 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی 8 اور 9 اکتوبر کو مہاراشٹر کے دورے پر ہوں گے۔ اس دورے کے دوران وہ نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کریں گے اور ممبئی میٹرو لائن 3 کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ وہ ممبئی ون کو بھی لانچ کریں گے، جو ملک کی پہلی مربوط کامن موبلٹی ایپ ہے۔ وہیں،9 اکتوبر کو وہ ممبئی میں برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما ’گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2025‘ سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم 8 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے کے قریب نوی ممبئی پہنچیں گے اور نئے تعمیر شدہ نوی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کا معائنہ کریں گے۔ اس کے بعد وہ تقریباً 3:30 بجے اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ تقریباً 19,650 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا، یہ پروجیکٹ ہندوستان کا سب سے بڑا گرین فیلڈ ہوائی اڈہ ہے، جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی ) ماڈل کے تحت تیار کیا گیا ہے۔
یہ ہوائی اڈہ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کا دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہو گا اور چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ساتھ علاقائی ہوائی ٹریفک کو سہولت فراہم کرے گا۔ 1160 ہیکٹیئر کے رقبے پر پھیلے اس جدید ترین ہوائی اڈے کو دنیا کے سب سے زیادہ سہولیات سے آراستہ ہوائی اڈوں میں شمار کیا جائے گا، جو مکمل طور پر تیار ہونے پر سالانہ9کروڑ مسافروں اور 3.25 ملین میٹرک ٹن کارگو کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ ملک کا پہلا ہوائی اڈہ ہوگا جسے واٹر ٹیکسیوں کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔ اس میں ایک خودکار پیپل موور بھی ہے جو چاروں مسافر ٹرمینلز کو جوڑتا ہے۔ ہوائی اڈے میں ماحول دوست خصوصیات جیسے پائیدار ہوابازی کے ایندھن کے لیے وقف ذخیرہ، 47 میگا واٹ شمسی توانائی کی پیداوار اور شہر بھر میں ای وی بس خدمات بھی ہوں گی۔
وزیر اعظم مودی ممبئی میٹرو لائن 3 کے آخری مرحلے (فیز 2بی) کا بھی افتتاح کریں گے۔ یہ مرحلہ آچاریہ آترے چوک سے کف پریڈ تک پھیلا ہوا ہے اور اسے تقریباً 12,200 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے۔ وزیر اعظم پوری ممبئی میٹرو لائن 3 (ایکوا لائن) کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے – جس کی کل لاگت ?37,270 کروڑ ہے۔
یہ 33.5 کلو میٹر طویل زیر زمین میٹرو لائن آترے-جوگیشوری-وکرولی لنک روڈ سے کف پریڈ تک 27 اسٹیشنوں کے ذریعے پھیلی ہوئی ہے اور روزانہ تقریباً 13 لاکھ مسافروں کو خدمات فراہم کرے گی۔ یہ لائن جنوبی ممبئی کے بڑے انتظامی، ثقافتی اور مالیاتی مراکز جیسے کہ منترالیہ، بمبئی ہائی کورٹ، ریزرو بینک، بی ایس ای، اور نریمن پوائنٹ کو براہ راست مربوط کرے گی۔
میٹرو لائن 3 کو دیگر تمام پبلک ٹرانسپورٹ طریقوں—ریلوے، ہوائی اڈے، میٹرو اور مونوریل کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے انضمام کو یقینی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس سے ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں بھیڑ کم ہو جائے گی اور شہریوں کو تیز، صاف اور آرام دہ سفر کا اختیار ملے گا۔
وزیر اعظم ’ممبئی ون‘ - ایک مربوط کامن موبلٹی ایپ بھی لانچ کریں گے ۔ یہ ملک میں پہلی ایسی ایپ ہے جو 11 پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گی، جس میں ممبئی میٹرو لائنز، مونوریل، نوی ممبئی میٹرو، مضافاتی ریل، اور سٹی ٹرانسپورٹ سروسز جیسے بیسٹ، تھانے، میرا-بھائیندر، کلیان-ڈومبیوالی، نوی ممبئی شامل ہیں۔
ممبئی ون کے ذریعے مسافر مربوط موبائل ٹکٹنگ، ملٹی موڈل ڈیجیٹل لین دین، ریئل ٹائم ٹریول اپڈیٹس، نقشہ پر مبنی نیویگیشن، اور ایس او ایس حفاظتی خصوصیات سے لطف اندوز ہوں گے۔ اس سے مسافروں کو لمبی قطاروں سے نجات ملے گی اور ممبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا تجربہ مکمل طور پر ڈیجیٹل اور ہموار ہو جائے گا۔
وزیراعظم شارٹ ٹرم ایمپلائبلٹی پروگرام کا بھی آغاز کریں گے۔ یہ مہاراشٹر کے محکمہ ہنر، روزگار، صنعت کاری اور اختراع کی ایک پہل ہے، جسے 400 سرکاری آئی آئی ٹی اور 150 تکنیکی ہائی اسکولوں میںنافذ کیا جائے گا۔ یہ پروگرام 2,500 نئے تربیتی بیچوں کا آغاز کرے گا، جن میں 364 خاص طور پر خواتین کے لیے اور 408 بیچز شامل ہیں جو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انٹرنیٹ آف تھنگز، الیکٹرک گاڑیاں، شمسی توانائی، اور اضافی مینوفیکچرنگ جیسی نئی ٹیکنالوجیز پر مرکوز ہیں۔
وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق 9 اکتوبر کو وزیر اعظم ممبئی میں برطانوی وزیر اعظم اسٹارمر کی میزبانی کریں گے۔ یہ اسٹارمر کا ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ دونوں رہنما ”وژن 2035“ روڈ میپ کے تحت ہندوستان-برطانیہ جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے۔ یہ روڈ میپ تجارت اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، دفاع اور سلامتی، صحت، تعلیم، توانائی اور عوام سے عوام کے تعلقات جیسے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔
دونوں وزرائے اعظم ممبئی میں جیو ورلڈ سینٹر میں صنعت اور کاروباری رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔ وہ ہندوستان-برطانیہ جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے اور عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم اسٹارمر گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2025 میں کلیدی مقررین ہوں گے۔ اس سال کا تھیم ”ایک بہتر دنیا کے لیے مالیات کو بااختیار بنانا -اے آئی،جدید ذہانت، اختراع اور شمولیت سے تقویت یافتہ“ہے۔
جیو ورلڈ سنٹر میں منعقد ہونے والا یہ فیسٹ دنیا کی سب سے بڑی فن ٹیک کانفرنسوں میں سے ایک ہو گا، جس میں75سے زائد ممالک کے ایک لاکھ شرکائ، 7,500 کمپنیاں، 800 مقررین، 400 نمائش کنندگان اور 70 ریگولیٹری ادارے شرکت کریں گی۔اس میں سنگاپور کی مانیٹری اتھارٹی، جرمنی کے ڈائچے بونڈیس بینک، فرانس کا بانک ڈی فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے فنما جیسے ادارے بھی شامل ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد